*برطانوی شہر راچڈیل کے میئر فیصل رانا اور ان کے وفد کا اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا دورہ*

برطانوی شہر راچڈیل کے میئر فیصل رانا اور ان کے وفد نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا دورہ کیا، جہاں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل، ان کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب احمر نائیک اور ڈائریکٹر ایڈمن عامر احمد خان نے وفد کا استقبال کیا۔صوبائی وزیر و وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک نے وفد کو اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور شکایات کے ازالے کے طریقۂ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش قانونی، انتظامی اور دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ انہیں مؤثر سہولیات فراہم کرنے، شکایات کے فوری ازالے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بہتر روابط کے ذریعے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے سفیر ہیں۔ ان کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں نمایاں اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی محنت اور خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ضروری ہے کہ انہیں پاکستان میں درپیش مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ وہ اپنے وطن کے ساتھ مضبوط تعلق برقرار رکھتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔وفد میں انتظامی افسر ناظم سلیمان، کاروباری شخصیات بشارت عمر، محمود الحسن، طاہر محمود، محمد محمود الحسن، چوہدری ممتاز احمد، کونسلر محمد ارشد اور اعزازی مجسٹریٹ و ایڈووکیٹ لاہور ہائی کورٹ غلام رسول شہزاد سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

جواب دیں

Back to top button