برطانیہ کے شہر روچڈیل کے مئیر کونسلر فیصل رانا کی قیادت میں وفد نے کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل سے ملاقات کی، جس میں ساہیوال اور روچڈیل کے مابین جڑواں شہروں کی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں ڈپٹی لیڈر روچڈیل محمد ارشاد، مئیر کنسورٹ بشارت عمر، چیئرمین روچڈیل ورکنگ پارٹی ساہیوال و صدر روٹری کلب ساہیوال سینٹرل چوہدری ممتاز احمد، چیئرمین المحمود فاؤنڈیشن طاہر محمود اور سیکرٹری غلام رسول شہزاد شامل تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران وفد نے ساہیوال کے شہری و دیہی علاقوں کو درپیش مسائل اور عوامی ضروریات سے کمشنر کو آگاہ کیا۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے وفد کی تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہری ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال اور روچڈیل کے مابین جڑواں شہروں کی شراکت داری کو عملی تعاون میں ڈھال کر ترقیاتی تجربات کے تبادلے اور شہری سہولیات میں بہتری کے امکانات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفد کا یہ دورہ دونوں شہروں کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
