پاکستان ورکرز فیڈریشن اور لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبرپختونخوا کی طرف سے محمد حنیف رامے کو بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد

پاکستان ورکرز فیڈریشن رجسٹرڈ کے مرکزی قائدین چوہدری محمد یاسین، شوکت علی انجم، چوہدری عبدالرحمن آسی، اسد محمود، سید عطاء اللہ شاہ اور لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن رجسٹرڈ خیبرپختونخوا کے عہدیداران شوکت علی انجم، حاجی انور کمال خان، محمد سلمان ہوتی اور محبوب اللہ نے اپنے مشترکہ بیان میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کے حالیہ الیکشن میں ممتاز لیبر لیڈر اور مزدور تحریک کے سرگرم ساتھی محمد حنیف رامے کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے اور مرکزی وائس چیئرمین منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔قائدین نے کہا کہ محمد حنیف رامے کی یہ کامیابی صرف ایک شخص کی کامیابی نہیں بلکہ ملک بھر کے محنت کشوں، مزدور تنظیموں اور مزدور تحریک کی اجتماعی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حنیف رامے نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق، ان کی عزتِ نفس، روزگار کے تحفظ، مناسب اجرت، سماجی تحفظ اور انسانی حقوق کے لیے بے لوث جدوجہد کی ہے، اور آج ان کی اس طویل جدوجہد کو بھرپور پذیرائی ملی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان ملک کا ایک انتہائی معتبر، متحرک اور بااثر انسانی حقوق کا پلیٹ فارم ہے۔ اس اہم فورم پر ایک تجربہ کار مزدور رہنما کی نمائندگی اس بات کی علامت ہے کہ اب مزدوروں کے مسائل، ان کے دکھ درد اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کو قومی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔مزدور قائدین نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب مرکزی وائس چیئرمین محمد حنیف رامے اپنی صلاحیتوں، تجربے اور مزدور دوستی کے جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، جبری مشقت کے خاتمے، چائلڈ لیبر کی روک تھام، خواتین ورکرز کے حقوق، اور محنت کشوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کی مزدور تنظیمیں محمد حنیف رامے کی کامیابی کو اپنے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھتی ہیں اور اس کامیابی سے مزدور تحریک کو نئی توانائی، نیا حوصلہ اور نیا اعتماد ملا ہے۔آخر میں پاکستان ورکرز فیڈریشن اور لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبرپختونخوا کے قائدین نے نومنتخب وائس چیئرمین محمد حنیف رامے کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ مزدور تنظیمیں ہر فورم پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔

جواب دیں

Back to top button