سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر خاور حسین پال کی قیادت میں وفد کا پنجاب ریونیو اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر خاور حسین پال کی قیادت میں وفد نے پنجاب ریونیو اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز کے قوانین، طریقہ کار، ٹیکس ادائیگیوں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران کاروباری برادری کو ٹیکس قوانین اور ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی فراہم کرنے، ٹیکس نظام کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانے اور ٹیکس سے متعلق مسائل و تحفظات کے حل کیلئے باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگیوں کے فروغ کیلئے چیمبرز آف کامرس کا تعاون ناگزیر ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکس نظام کے مؤثر نفاذ اور ٹیکس امور میں شفافیت بڑھانے کیلئے کاروباری برادری کے ساتھ باہمی اعتماد کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے۔ معظم اقبال سپرا نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں ٹیکس کلچر کا فروغ، کاروباری اداروں کو سہولت فراہم کرنا اور ٹیکس نظام کو مزید شفاف بنانا شامل ہے۔ کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کیلئے متعلقہ اداروں اور تجارتی تنظیموں کے درمیان مؤثر تعاون ضروری ہے۔ملاقات میں غیر رجسٹرڈ کاروباری اداروں کی فوری رجسٹریشن اور ٹیکس نیٹ میں توسیع کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی نو منتخب قیادت نے چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا کو چیمبر کے دورے کی دعوت بھی دی۔

جواب دیں

Back to top button