چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت محکمانہ استعداد کار میں اضافے، ٹیکس وصولیوں میں بہتری، انفورسمنٹ و آڈٹ کے نظام کو مزید فعال بنانے اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی آر اے کے دائرہ کار میں توسیع، انفورسمنٹ اور آڈٹ ونگز کی استعداد کار بڑھانے، کم ریونیو دینے والے شعبوں کی نگرانی اور ٹیکس ادائیگی میں ممکنہ بے ضابطگیوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید بنانے کیلئے انتظامی و ٹیکنالوجیکل اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی آر اے کے دائرہ کار میں توسیع کے ساتھ انفورسمنٹ اور مانیٹرنگ کے نظام کو ڈویژنل سطح سے ضلعی سطح تک مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔ اس مقصد کیلئے اگلے ماہ 250 انفورسمنٹ اور آڈٹ افسران کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ چیئرمین پی آر اے نے کہا کہ نئے افسران کی تعیناتی سے انفورسمنٹ اور آڈٹ ونگز کی انتظامی و عملی استعداد میں اضافہ ہوگا اور ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ مانیٹرنگ، ٹیکس وصولی اور انفورسمنٹ کارروائیوں کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کم ریونیو دینے والے شعبوں کی ٹیکس وصولیوں میں بہتری کیلئے افسران کو خصوصی ٹاسک اور اہداف سونپے جائیں گے۔ متعلقہ شعبوں کی ٹیکس وصولیوں اور کارکردگی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ ریونیو میں بہتری کیلئے دستیاب ڈیٹا اور ڈیجیٹل نظام سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس ادائیگی کے نظام میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ٹیکس ادائیگیوں، کاروباری ریکارڈ اور مختلف سروسز سیکٹرز کی سرگرمیوں کی بہتر انداز میں چھان بین ممکن ہوگی۔ ڈیجیٹل سنٹرل مانیٹرنگ سیل کے ذریعے مختلف سروسز سیکٹرز کے ریکارڈ کی ڈیجیٹل چھان بین کی جائے گی۔ اس نظام کے ذریعے ٹیکس ادائیگی میں ممکنہ جعلسازی، ریکارڈ میں خردبرد، ڈیجیٹل اور کیش ادائیگیوں میں بے ضابطگیوں اور ٹیکس چوری کے ممکنہ طریقہ کار کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔ ٹیکس ادائیگی میں جعلسازی اور ریکارڈ میں ردوبدل کے خلاف مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے دستیاب معلومات کا تجزیہ کرتے ہوئے مشتبہ بے ضابطگیوں کی بروقت نشاندہی پر توجہ دی جائے گی۔ معظم اقبال سپرا نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹیکس وصولی کے نظام میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو زیادہ سے زیادہ مؤثر بنایا جائے تاکہ نظام میں شفافیت، رفتار اور مؤثریت پیدا کی جا سکے۔پی آر اے سہولت اسمارٹ ایپکے ذریعے ٹیکس دہندگان کو انوائس کی تصدیق، رسید کی جانچ اور غیر قانونی یا جعلی رسیدوں کی رپورٹنگ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ عوام کو اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلئے آگاہی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکس دہندگان کو اصل رسید کے حصول اور QR کوڈ کے ذریعے رسید کی تصدیق کے بارے میں آگاہی مہم مزید تیز کی جائے۔






