اپنی چھت اپنا گھر پروگرام صرف ہاؤسنگ منصوبہ نہیں۔ محفوظ اور باوقار مستقبل کی بنیاد ہے،بلال یاسین

وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کو اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی اور گھروں کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو عالمی ایوارڈ کیلئے نامزد ہونے پر پھاٹا ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قلیل مدت میں 2 لاکھ سے زائد خاندانوں کو بلاسود قرضے فراہم کرکے اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ ایک ہزار 300 خاندانوں کو قرضے جاری جبکہ 1 لاکھ 17 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ دوسری اقساط کی ادائیگی کے بعد 34 ہزار سے زائد گھر تکمیل کے قریب ہیں۔ صوبائی وزیر بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے اہداف میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت پنجاب مستحق خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر کے لیے بلاسود مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام پنجاب حکومت کے عوام دوست اور فلاحی اقدامات میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ یہ پروگرام پنجاب کے عوام کے لیے صرف ایک ہاؤسنگ منصوبہ نہیں بلکہ محفوظ، باوقار اور بہتر مستقبل کی بنیاد ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اربوں روپے کے فنڈز مستحق خاندانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی اور اپنے گھروں کی تعمیر کے لیے مختص کیے ہیں۔ پروگرام نے مختصر مدت میں وسیع پیمانے پر مستحق خاندانوں تک رسائی حاصل کی ہے اور آج دنیا اس عوامی فلاحی اقدام کو سراہ رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے ذریعے کم آمدن والے خاندانوں کو اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب عوام کو باعزت اور محفوظ رہائش کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

جواب دیں

Back to top button