ڈی سی آفس لاہور کے نادر ہال میں ریونیو کھلی کچہری کا انعقاد

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایات پر ڈی سی آفس لاہور کے نادر ہال میں ریونیو کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تاکہ شہریوں کو جائیداد کے امور میں فوری داد رسی اور شفاف سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ریونیو کھلی کچہری کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو (اے ڈی سی آر) حافظ کریم داد چغتائی نے کی۔ کھلی کچہری میں جمع بندی، انتقالِ جائیداد، وراثت اور زمین سے متعلق دیگر تنازعات کے کل 39 کیسز کی تفصیلی سماعت کی گئی۔ اس موقع پر تمام سائلین کو اپنے کیسز، دلائل اور متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کے لیے مساوی اور پورا وقت فراہم کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور حافظ کریم داد چغتائی نے ریونیو افسران، تحصیلداروں اور پٹواریوں کو سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ جائیداد کی وراثت اور ریکارڈ کی درستی میں مکمل شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کے ان مسلسل اور مربوط اقدامات کی بدولت ضلعی انتظامیہ لاہور کے تمام دفاتر میں ریونیو سے متعلق زیر التواء درخواستوں کی تعداد میں نمایاں اور تیز رفتاری سے کمی واقع ہو رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button