سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے فیصل آباد میں مختلف ترقیاتی سائٹس کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا ثاقب ہرل نے جاری منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے گلستان انڈر گراؤنڈ میگا واٹر اسٹوریج ٹینک اور سمن آباد کالج روڈ پائپ لائن اسکیم کا بھی دورہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت فیصل آباد میں جاری ترقیاتی کاموں کا 70 فیصد حصہ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 24 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ایم ڈی واسا ثاقب ہرل نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فیصل آباد میں 116 کلومیٹر طویل سیوریج لائنز بچھائی جا رہی ہیں، جبکہ بارشی پانی کے نکاس کے لیے 56 کلومیٹر طویل ڈرینز تعمیر کی جا رہی ہیں۔ منصوبوں کی تکمیل سے شہری علاقوں میں سیوریج اور بارشی پانی کے نکاس کے نظام میں بہتری آئے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے تمام ترقیاتی سائٹس پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عملے اور شہریوں کی حفاظت پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں پر کام کے دوران حفاظتی ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مون سون کے اختتام کے ساتھ ترقیاتی کام مزید تیز رفتاری سے جاری کیے جائیں گے۔ فیصل آباد کے شہریوں کو صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام کے سیوریج مسائل کو مکمل طور پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔






