صوبائی حکومت کی ہدایات پر صوبائی دارالحکومت پشاور میں تجاوزات کے مستقل خاتمے اور صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری مہم کو منطقی انجام تک پہنچانے، صفائی کے عمل میں مزید تیزی لانے، حائل رکاوٹوں کے خاتمے اور مختلف محکموں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر، چیف ایگزیکٹو ڈبلیو ایس ایس پی مس قرۃ العین وزیر، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر پشاور، کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے انتظامی افسران اور پشاور کی تمام تحصیلوں کے ٹی ایم اوز نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ
تجاوزات کے مستقل خاتمے اور صفائی مہم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنے فرائض منصبی سے بڑھ کر عملی اقدامات کریں گے۔ افسران ڈیوٹی اوقات سے بڑھ کر فیلڈ میں موجود رہیں گے اور بغیر کسی اضافی مراعات کے ذاتی طور پر مہم کی نگرانی کریں گے۔ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جبکہ مختلف محکموں کے مابین باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ہر صورت صوبائی دارالحکومت پشاور کو تجاوزات اور گندگی سے پاک کرکے اس کا خوبصورت اور صاف ستھرا چہرہ سامنے لایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے عوامی تعاون حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا اور علمائے کرام کے ذریعے تجاوزات سے اجتناب اور صفائی کی اہمیت کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے تجاوزات اور صفائی مہم کی یومیہ رپورٹ طلب کرتے ہوئے دونوں مہمات کی براہ راست نگرانی کا اعلان کیا۔ انہوں نے تمام انتظامی افسران کو روزانہ مختلف اوقات میں متعلقہ علاقوں کے دورے کرنے اور زیادہ سے زیادہ وقت فیلڈ میں گزارنے کی ہدایت کی۔کمشنر پشاور ڈویژن نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کو منطقی انجام تک پہنچانا اور صفائی مہم کو کامیاب بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون، مؤثر رابطوں اور مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ کے ذریعے مہم کے مطلوبہ نتائج یقینی بنانے کی ہدایت کی۔






