نمک منڈی فوڈ سٹریٹ کی بیوٹیفکیشن کا فیصلہ، منصوبے پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔۔ایڈمنسٹریٹر وڈپٹی کمشنر پشاور

ایڈمنسٹریٹر/ڈپٹی کمشنر پشاور، کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے نمک منڈی فوڈ سٹریٹ کی بیوٹیفکیشن کے منصوبے پر جلد عملدرآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ منصوبے کا مقصد نمک منڈی فوڈ سٹریٹ کو جدید اور خوبصورت انداز میں ترقی دینا، شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ملک کے مختلف حصوں سمیت بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے ایک پرکشش، صاف ستھرا اور معیاری ماحول فراہم کرنا ہے ۔اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر/ڈپٹی کمشنر پشاور، کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے نمک منڈی فوڈ سٹریٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) اصغر سورانی، ڈائریکٹر جنرل کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور قدیر نصیر، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن و ہیومن ریسورس کامران امجد، انتظامی افسران اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر پشاورنے فوڈ سٹریٹ کے مختلف حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت داخلی و خارجی راستوں، پیدل چلنے والوں کی سہولیات، خوبصورت روشنیوں، بیٹھنے کی جگہوں، صفائی کے نظام، گرین ایریاز اور دیگر شہری سہولیات کو بہتر بنایا جائے تاکہ فوڈ سٹریٹ کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہو اور اسے ایک جدید سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے کہا کہ نمک منڈی پشاور کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کی علامت ہے اور یہاں آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بہترین ماحول اور معیاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے پر مربوط انداز میں کام کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام اور کاروباری طبقہ اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکے۔

جواب دیں

Back to top button