تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن وکمشنر پشاور آفاق وزیر

ڈپٹی کمشنر پشاور و ایڈمنسٹریٹر کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ آفاق وزیر کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور نے شہر کے مختلف تجارتی اور گنجان آباد علاقوں میں تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کے خلاف مشترکہ گرینڈ مڈنائٹ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران نمکمنڈی چوک، جہانگیرپورہ، رامداس بازار اور ملحقہ علاقوں میں بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا جبکہ دکانوں کے باہر رکھا گیا سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور و ایڈمنسٹریٹر آفاق وزیر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور کیپٹل میٹروپولیٹن کی مشترکہ ٹیموں نے رات گئے مڈنائٹ آپریشن شروع کیا، جس کا مقصد شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں کو تجاوزات سے پاک کرنا اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ کرنا تھا۔ اس موقع پر بھاری مشینری کے ذریعے مختلف مقامات پر قائم غیرقانونی تعمیرات، تجاوزات اور دکانوں کے باہر بنائے گئے غیرقانونی ڈھانچوں کو ہٹا دیا گیا۔آپریشن میں ڈائریکٹر جنرل کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ سلیم خان، اسسٹنٹ کمشنر فضا شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریگولیشن درشہوار، انفورسمنٹ آفیسر قیصر باچہ، چیف ڈیمالشنگ انسپکٹر فضل محمود ‘!وجاہیت اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ٹیموں نے مختلف مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائی عمل میں لائی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور و ایڈمنسٹریٹر آفاق وزیر نے واضح کیا کہ شہر میں تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور سرکاری زمینوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر غیرقانونی قبضے کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی دکانوں کی حدود میں رہتے ہوئے کاروبار کریں اور دکانوں کے باہر سامان رکھنے، فٹ پاتھوں پر قبضہ کرنے اور راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ فٹ پاتھ عوام کی سہولت اور پیدل چلنے والوں کے لیے مختص ہیں، لہذا انہیں ہر صورت کھلا رکھا جائے تاکہ شہریوں، خصوصا خواتین، بچوں اور بزرگوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔آفاق وزیر نے کہا کہ پشاور شہر کو صاف، منظم اور تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کی مشترکہ ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کو موثر اور مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے اور جن مقامات سے تجاوزات ختم کی جائیں وہاں دوبارہ قبضہ کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

جواب دیں

Back to top button