مومن آباد فرنٹیئر سے مومن آباد ٹاون روڈ کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے،ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی

میئر کراچی کے ترجمان اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے عوامی خدمت اور ترقی کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب شہر میں بنیادی شہری سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کو عملی شکل دے رہے ہیں، جن کے ثمرات مختلف علاقوں میں نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی کے مطابق ضلع غربی میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے متعدد منصوبے تکمیل کے قریب پہنچ چکے ہیں، جبکہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے ترقیاتی اسکیموں کے لیے 15 روزہ مدت مقرر کیے جانے کے بعد محکمہ انجینئرنگ نے منصوبوں کی تکمیل کے مراحل کو مربوط بنانے اور تعمیراتی سرگرمیوں کی نگرانی کا موثر نظام ترتیب دیا ہے۔ مومن آباد فرنٹیئر سے مومن آباد ٹاون روڈ کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے۔ پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ کراچی میں شہری ترقی کو چند مخصوص علاقوں تک محدود رکھنے کے بجائے مختلف ٹاونز میں عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کی راہیں نکالی جا رہی ہیں۔ طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی بحالی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہری آمدورفت کو سہل بنانے کے لیے مختلف منصوبے زیرعمل ہیں، جو بلدیاتی خدمت کے دائرے کو وسیع کرنے کی عکاسی کرتے ہیں۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے بتایا کہ اولمپیئن اصلاح الدین روڈ کی تعمیر نو مکمل کرلی گئی ہے۔ سڑک کی بحالی سے قبل سیوریج لائنوں کی تبدیلی کا مرحلہ بھی مکمل کیا گیا تاکہ سطح پر تعمیر ہونے والا انفرااسٹرکچر پائیدار ہو اور شہریوں کو بار بار کھدائی اور ٹوٹ پھوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس سڑک کا افتتاح بھی کردیا ہے، جس سے علاقے کے مکینوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی۔ پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی کے مطابق نقاش کاظمی روڈ کی بحالی کا منصوبہ بھی علاقے کے شہریوں کی جانب سے سامنے آنے والے مطالبات کے جواب میں شروع کیا گیا۔ تعمیراتی مراحل کے دوران معیار کی جانچ کے لیے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، جبکہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے متعلقہ افسران کو منصوبے کی تکمیل اور تعمیراتی معیار برقرار رکھنے کے حوالے سے واضح ہدایات دی ہیں۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مالی دشواریوں اور محدود وسائل کے باوجود دوبارہ فعال شہری ادارے کے طور پر کھڑا کرنا ایک اہم مرحلہ تھا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی سوچ عوامی مسائل کے حل، شہری سہولیات کی فراہمی اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچانے سے عبارت ہے، جبکہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اسی سوچ کے تحت کراچی کی بہتری کے لیے مختلف منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ویسٹ وہارف روڈ کی تعمیر نو کا موقع پر جائزہ لے کر متعلقہ افسران کو منصوبے کے مختلف مراحل کا باریک بینی سے مشاہدہ کرنے اور تعمیراتی سرگرمیوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلع غربی سمیت شہر کے مختلف حصوں میں جاری ترقیاتی منصوبے کراچی کے شہری ڈھانچے کو بہتر بنانے، عوامی مشکلات کم کرنے اور بلدیاتی خدمات کو موثر انداز میں شہریوں تک پہنچانے کی سمت پیش رفت ہیں۔ پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کراچی کو بہتر سڑکوں، مضبوط شہری ڈھانچے اور بنیادی سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کے لیے اپنا سیاسی اور انتظامی کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں جاری اقدامات شہر میں بہتری کی نئی صورتیں پیدا کر رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button