بلدیہ عظمیٰ کراچی رمضان المبارک سے قبل برنس روڈ کو جدید اور شاندار فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کرے گی،میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے تاریخی اور معروف برنس روڈ کو جدید، خوبصورت اور پیدل چلنے والوں کے لیے سازگار فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کرنے جا رہی ہے، یہ اقدام کراچی کے شہری منظرنامے کو بہتر بنانے، شہر کی منفرد کھانے پینے کی ثقافت کو فروغ دینے اور شہریوں کے لیے تفریح اور خوشگوار وقت گزارنے کے نئے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے، اس مجوزہ منصوبے پر تقریباً 25 کروڑ روپے لاگت آئے گی جس کے تحت برنس روڈ کی جامع بہتری، تزئین و آرائش اور جدید خطوط پر تعمیر و ترقی کی جائے گی، منصوبے کا مقصد اس علاقے کو ایک خوبصورت اور منظم فوڈ اسٹریٹ کی شکل دینا ہے، جہاں شہری اور سیاح کراچی کے روایتی کھانوں سے بہتر، آرام دہ اور خوشگوار ماحول میں لطف اندوز ہوسکیں، منصوبے کی لاگت کی باضابطہ منظوری 20 نومبر کو ہونے والے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سٹی کونسل کے اجلاس میں پیش کی جائے گی، منظوری کا عمل مکمل ہونے کے بعد متعلقہ محکمے ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لیے ضروری اقدامات کریں گے،برنس روڈ کی تبدیلی کا منصوبہ کے ایم سی کی جانب سے شہر کے نمایاں عوامی مقامات کی بحالی، شہری انفرااسٹرکچر کی بہتری اور شہریوں کو تفریح کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، اس منصوبے میں برنس روڈ کی تاریخی شناخت اور روایتی حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے جدید شہری منصوبہ بندی اور پیدل چلنے والوں کے لیے بہتر سہولیات متعارف کرائی جائیں گی، منصوبے کی تیاری کے سلسلے میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن صدر نے مقامی اسٹیک ہولڈرز، تاجروں، کاروباری شخصیات اور رہائشیوں سے تجاویز اور آراء حاصل کرنے کے لیے عوامی مشاورت کا عمل بھی شروع کردیا ہے، اس مشاورتی عمل میں خصوصی طور پر پیدل چلنے والوں کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل، واکنگ اسپیس کے مناسب انتظامات اور گاڑیوں کی آمدورفت محدود کرنے کے مخصوص اوقات کا تعین شامل ہے تاکہ شہری اور کھانے پینے کے شوقین افراد آسانی سے اس مقام کا دورہ کرسکیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی کے محکمہ انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام ضروری انتظامی، تکنیکی اور دفتری مراحل تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں اور مقررہ مدت کے اندر منصوبے کی تکمیل یقینی بنائی جائے، میئر کراچی نے کہا کہ برنس روڈ کراچی کی ثقافتی، سماجی اور روایتی کھانوں کی شناخت میں ایک خاص مقام رکھتا ہے، اسے جدید فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کرنے سے شہریوں کو ایک بہتر عوامی مقام میسر آئے گا جبکہ علاقے کی وہ روایتی اور تاریخی خصوصیات بھی برقرار رکھی جائیں گی جو اسے منفرد بناتی ہیں، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فوڈ اسٹریٹ کو رمضان المبارک کے آغاز سے قبل مکمل طور پر فعال بنایا جائے تاکہ شہری مقدس مہینے کے دوران بہتر سہولیات سے استفادہ کرسکیں، رمضان المبارک میں برنس روڈ پر روایتی طور پر بڑی تعداد میں فیملیز اور کھانے پینے کے شوقین افراد کی آمد ہوتی ہے،اس منصوبے سے علاقے کے تجارتی اور سماجی ماحول میں بھی مثبت تبدیلی متوقع ہے، برنس روڈ پر آنے والے شہریوں اور سیاحوں کے لیے زیادہ خوشگوار اور منظم ماحول فراہم ہوگا جبکہ مقامی تاجروں اور کھانے پینے کے کاروبار سے وابستہ افراد کو بھی اپنے صارفین کی بہتر انداز میں خدمت کرنے کے لیے جدید اور موزوں سہولیات میسر آئیں گی۔

جواب دیں

Back to top button