شہریوں کے بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے میئر کراچی کی ای کچہری،متعلقہ افسران کو شکایات فوری دور کرنے کی ہدایت

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہریوں کو بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے براہِ راست رسائی فراہم کرنا اور ان کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے تحت جمعرات کے روز میئر کراچی نے ای کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہر کے مختلف علاقوں سے شہریوں نے ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کرکے اپنے مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، مشیر مالیات کے ایم سی گلزار ابڑو، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد علی صدیقی،چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، ای کچہری کے دوران شہریوں نے صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ، پانی کی عدم فراہمی، سیوریج کے مسائل اور دیگر بلدیاتی امور سے متعلق اپنی شکایات پیش کیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہریوں کی جانب سے نشاندہی کیے گئے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ضروری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے اور ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ متاثرہ شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جاسکے۔شام 4 بجے سے 5 بجے تک جاری رہنے والی ای کچہری میں بڑی تعداد میں شہریوں نے براہِ راست میئر کراچی سے رابطہ کیا اور اپنے علاقوں کے مسائل ان کے سامنے رکھے۔ شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرز کے رابطے سے انہیں اپنے مسائل اعلیٰ سطح تک پہنچانے اور ان کے حل کے لیے مؤثر پلیٹ فارم میسر آیا ہے۔میئر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شکایات موصول ہونے کے بعد صرف احکامات جاری کرنے تک محدود نہ رہا جائے بلکہ ان پر ہونے والی پیشرفت اور عملی اقدامات سے بھی باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے حل کا عمل شفاف اور مؤثر ہونا چاہیے تاکہ شہریوں کو ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے واضح پیشرفت نظر آئے۔واضح رہے کہ ای کچہری میں اپنی شکایات درج کرانے کے لیے شہریوں نے 1334 پر رابطہ کیا۔ اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ای کچہری کا بنیادی مقصد شہریوں اور بلدیاتی اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن شکایات کا ازالہ فوری طور پر ممکن ہے، ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئی ہیں جبکہ دیگر فوری نوعیت کے مسائل کو بھی 24 گھنٹوں کے اندر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button