پنجاب میں سموگ اور فضائی آلودگی کے بڑے ذرائع کے خلاف ماحولیاتی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران اینٹوں کے بھٹوں کی چیکنگ دوگنا سے زیادہ ہوگئی جبکہ صنعتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس پر عائد جرمانوں کی مجموعی مالیت 21 کروڑ روپے سے تجاوز کرگئی۔سیکرٹری تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پنجاب سلوت سعید کی انتظامی قیادت اور ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحول پنجاب عبداللہ نیئر شیخ کی نگرانی میں صوبہ بھر میں صنعتی اخراج، اینٹوں کے بھٹوں، پلاسٹک جلانے، ریسٹورنٹس کے دھوئیں اور تعمیراتی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی گردوغبار کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔محکمہ تحفظ ماحولیات کے جاری کردہ تقابلی اعدادوشمار کے مطابق یکم جنوری سے 10 نومبر 2026 تک پنجاب بھر میں 80 ہزار 594 اینٹوں کے بھٹوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 37 ہزار 838 بھٹے چیک کیے گئے تھے۔ رواں سال 1,372 بھٹے مسمار، 864 سیل اور خلاف ورزیوں پر 1,190 مقدمات درج کیے گئے۔ بھٹوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 16 کروڑ 33 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔گزشتہ سال اسی عرصے میں 1,223 بھٹے مسمار، 1,088 سیل اور 1,950 مقدمات درج کیے گئے تھے، جبکہ جرمانوں کی مجموعی رقم 15 کروڑ 60 لاکھ 50 ہزار روپے تھی۔صنعتی شعبے میں بھی ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کے لیے کارروائیوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں سال 47 ہزار 643 صنعتی یونٹس کے معائنے کیے گئے، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 38 ہزار 98 تھی۔ موجودہ سال کے دوران 374 صنعتی یونٹس مسمار، 1,419 سیل اور 244 مقدمات درج کیے گئے۔صنعتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس پر رواں سال 21 کروڑ 69 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں جرمانوں کی رقم 10 کروڑ 14 لاکھ 10 ہزار روپے تھی۔ اس طرح صنعتی شعبے میں عائد جرمانوں کی مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔سیکرٹری تحفظ ماحولیات سلوت سعید کی قیادت میں محکمہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے صوبائی سطح پر مربوط حکمت عملی، مسلسل مانیٹرنگ اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔ محکمہ کی جانب سے صنعتی آلودگی سمیت دیگر ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے احتیاطی اقدامات اور فیلڈ انفورسمنٹ کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب عبداللہ نیئر شیخ کی نگرانی میں فیلڈ ٹیمیں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور ذمہ دار یونٹس کے خلاف کارروائیاں کررہی ہیں۔ ادارے کی توجہ آلودگی کے بڑے ذرائع کی مسلسل نگرانی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر مرکوز ہے۔پلاسٹک آلودگی اور ممنوعہ پلاسٹک جلانے کے خلاف کارروائیوں میں بھی نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔ یکم جنوری سے 10 نومبر 2026 تک 4 لاکھ 38 ہزار 159 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 3 لاکھ 78 ہزار 630 کلوگرام پلاسٹک قبضے میں لیا گیا تھا۔پلاسٹک سے متعلق خلاف ورزیوں پر رواں سال 3 کروڑ 42 لاکھ 13 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ 3,915 مقامات سیل کیے گئے۔ گزشتہ سال جرمانوں کی رقم تقریباً 76 لاکھ 30 ہزار روپے اور سیل کیے گئے مقامات کی تعداد 301 تھی۔تعمیراتی سرگرمیوں اور دیگر ذرائع سے پیدا ہونے والی گردوغبار، جسے فوگیٹو ڈسٹ کہا جاتا ہے، کے تدارک کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔ رواں سال یکم جنوری سے 10 نومبر تک 1,489 یونین کونسلز کا دورہ کیا گیا، 842 نوٹس جاری کیے گئے اور 128 مقامات سیل کیے گئے۔ گردوغبار کو کنٹرول کرنے کے لیے 310 مسٹ اسپرنکلرز بھی نصب کیے گئے۔محکمہ تحفظ ماحولیات نے ریسٹورنٹس، خصوصاً باربی کیو پوائنٹس سے خارج ہونے والے دھوئیں کو کنٹرول کرنے کے لیے سکشن ہڈز کی تنصیب یقینی بنانے کی مہم بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔ رواں سال ریسٹورنٹس کے 9,802 دورے کیے گئے، 3,750 سکشن ہڈز نصب کیے گئے جبکہ 1,263 مقامات سیل کیے گئے۔ تاہم اس شعبے کے لیے گزشتہ سال کے مکمل تقابلی اعدادوشمار دستیاب نہیں کیونکہ باربی کیو ریسٹورنٹس سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرنے کا آغاز 27 نومبر 2025 سے ہوا تھا.نومبر کے پہلے دس روز کے دوران بھی ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں۔ یکم سے 10 نومبر 2026 تک 3,733 اینٹوں کے بھٹوں کا معائنہ کیا گیا، 44 مسمار اور 57 سیل کیے گئے، جبکہ 38 مقدمات درج کرکے ایک کروڑ 29 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔اسی عرصے میں 2,000 صنعتی یونٹس چیک کیے گئے، دو مسمار اور 72 سیل کیے گئے جبکہ سات مقدمات درج اور ایک کروڑ سات لاکھ 85 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں میں 1,287 معائنے کیے گئے، 6,144 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا، 25 مقامات سیل اور 4 لاکھ 71 ہزار 500 روپے جرمانے عائد کیے گئے۔10 نومبر کے ایک روزہ اعدادوشمار کے مطابق 471 اینٹوں کے بھٹوں کا معائنہ کیا گیا، نو سیل اور تین مسمار کیے گئے جبکہ خلاف ورزیوں پر ایک کروڑ 65 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ گزشتہ سال اسی تاریخ کو 355 بھٹے چیک، 16 مسمار اور چار سیل کیے گئے تھے۔اسی روز 268 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا اور آٹھ سیل کیے گئے، جبکہ گزشتہ سال 150 صنعتی یونٹس چیک اور چار سیل کیے گئے تھے۔ پلاسٹک کے خلاف کارروائی میں 471 کلوگرام پلاسٹک ضبط اور دو مقامات سیل کیے گئے جبکہ 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔محکمہ تحفظ ماحولیات کے تقابلی اعدادوشمار کے مطابق رواں سال مختلف شعبوں میں معائنوں اور مالی جرمانوں میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ کی جانب سے صنعتی اخراج، اینٹوں کے بھٹوں، پلاسٹک جلانے، ریسٹورنٹس کے دھوئیں اور گردوغبار کو فضائی آلودگی کے اہم ذرائع قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائیوں اور مسلسل نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جا رہا ہے۔
Read Next
1 دن ago
Diwali-related cross-border pollution pushes Lahore AQI to 440, EPA analysis finds
3 دن ago
Diwali Fireworks, Cross-Border Smoke Raise Alarm as Lahore Battles Hazardous Air Pollution
4 دن ago
محکمہ تحفظ ماحول کا صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن تیز،679 واقعات رپورٹ،650 آگ کے واقعات پر قابو پا لیا گیا
6 دن ago
*پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف ماحولیاتی ادارے کا کریک ڈاؤن تیز*
1 ہفتہ ago






