سموگ کے تدارک اور فضائی آلودگی میں اضافے کو روکنے کے لیے محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے لاہور میں گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے 10 خصوصی ٹیمیں اہم شاہراہوں اور داخلی راستوں پر تعینات کردی ہیں۔محکمہ تحفظ ماحول کے مطابق کارروائی کا بنیادی مقصد سموگ کے موسم سے قبل گاڑیوں سے خارج ہونے والے آلودہ دھویں کو کنٹرول کرنا اور ایسی گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانا ہے جو پنجاب انوائرمنٹل کوالٹی اسٹینڈرڈز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فضائی آلودگی میں اضافہ کررہی ہیں۔محکمہ کی جانب سے تعینات ٹیمیں ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، پائن ایونیو، فیروزپور روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، جیل روڈ، مال روڈ، شاہدرہ اور سگیان انٹری پوائنٹس پر گاڑیوں کی چیکنگ اور ماحولیاتی جانچ کریں گی۔حکام کے مطابق تمام گاڑیوں کو چیک کیا جائے گا جبکہ مقررہ ماحولیاتی معیار سے زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ گاڑیوں کے اخراج کی باقاعدہ پیمائش کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو ماحولیاتی قوانین کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سرکاری احکامات میں ٹیموں کو پنجاب انوائرمنٹل کوالٹی اسٹینڈرڈز سے زائد آلودگی خارج کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کے لیے ایمیشن ٹیسٹنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹایا اور قبضے میں لیا جائے گا، جبکہ گرین اسٹیکر کے بغیر گاڑیوں کو بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد ایسے ذرائع کو ابتدائی مرحلے ہی میں کنٹرول کرنا ہے جو سموگ کی شدت میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔محکمہ تحفظ ماحول کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ نیر شیخ کی ہدایت پر شروع کیے گئے اس آپریشن میں گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر، گاڑی کی قسم، ایمیشن ریڈنگ، ماحولیاتی معیار سے مطابقت اور کی جانے والی کارروائی کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی خصوصی ٹیموں کے ساتھ منسلک ہوں گے تاکہ گاڑیوں کو محفوظ طریقے سے روکنے، چیکنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور قانونی کارروائی میں معاونت فراہم کی جاسکے۔ محکمہ تحفظ ماحول نے ٹیموں کو گاڑیوں کی آلودگی جانچنے کے لیے ایمیشن اینالائزرز فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔محکمہ تحفظ ماحول کے مطابق کارروائی محض جرمانوں تک محدود رکھنے کے بجائے سموگ کے بنیادی اسباب کو کنٹرول کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ لاہور میں گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں کم کرنے کے لیے اہم شاہراہوں اور شہر کے داخلی راستوں پر مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو شہر میں آزادانہ نقل و حرکت سے روکا جاسکے۔10 خصوصی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارروائی کی رپورٹ مرتب کرکے ڈپٹی ڈائریکٹر فیلڈ لاہور کو پیش کریں گی، جبکہ مجموعی پیش رفت محکمہ کے اسٹریٹیجی اینڈ اینالیسز ونگ کو ارسال کی جائے گی۔ تعیناتی آئندہ احکامات تک برقرار رہے گی۔محکمہ تحفظ ماحول کا کہنا ہے کہ سموگ کے تدارک کے لیے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ماحولیاتی معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔






