وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل اور عوام دوست وژن کے تحت محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے صارفین کے حقوق کے تحفظ اور نظام کی بہتری کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پی آئی ٹی بی (PITB)، ڈیجیٹل آؤٹ ریچ، اربن یونٹ، ڈی او آئی ٹی اور ایف سی پی ڈی (FCPD) کے کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صارفین کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایپ سسٹم کو بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے سنٹرل مانیٹرنگ سیل مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی مانیٹر کرنے کے لیے ڈیش بورڈ بھی فعال ہو چکا ہے جبکہ صارفین کے تحفظ کے لیے ہیٹ میپس تیار کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے ذیلی محکموں کو مستحکم بنانے اور افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ادارہ جاتی لائبریری کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید نے محکمہ کے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مکمل طور پر فعال کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔






