غذائی تحفظ کیلئے ٹی او آرز،ضوابط میں ترمیم کی تجاویز تیارکرلیں،سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید ​

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید کی زیرِ صدارت صوبائی فوڈ سپلائز کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پنجاب میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی فوڈ سپلائز کمیٹی کے قواعد و ضوابط میں ترامیم اور کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی تجاویز تیار کی گئیں۔​سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا کہ کمیٹی کے دائرہ کار میں توسعی تجاویز اور ٹی او آرز میں ترامیم کی منظوری کے لیے سفارشات جلد کابینہ سیکرٹری کو بھجوائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن پنجاب نے مجوزہ ترامیم کی تجاویز محکمہ داخلہ کو بھی ارسال کر دی ہیں، جبکہ اس سے قبل کابینہ ڈویژن کی جانب سے 2 ستمبر 2020 کو اس کمیٹی کے قیام اور اس کے ٹی او آرز کی منظوری دی گئی تھی۔ ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ ہنگامی حالات اور ایمرجنسی صورتحال کے پیشِ نظر صوبائی اور علاقائی سطح پر اسٹریٹجک غذائی ذخائر کے تعین کے ساتھ ساتھ غذائی اجناس کی ضروریات کا تخمینہ لگانے اور کم از کم محفوظ ذخائر برقرار رکھنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جارہے ہیںاس کے ساتھ ساتھ غذائی اجناس کی ذخیرہ اندوزی اور تقسیم کے نظام کو ہنگامی ضروریات کے مطابق موثر بنانے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ

​غذائی ذخائر کو تابکاری اور موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کو ٹی او آرز میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ ​ہنگامی حالت میں غذائی اجناس کی فراہمی اور تقسیم کے لیے موثر نظام تشکیل دینے اور خرید و فراہمی کے لیے قانونی و ضابطہ جاتی اقدامات کی سفارش کی گئی ہے۔​سیکرٹری فوڈ سیفٹی کے مطابق خوراک کے ذخیرہ گاہوں، گوداموں اور تقسیم کے نظام کے تحفظ کے لیے خصوصی انتظامات بھی تجویز کیے گئے ہیں۔کسی بھی ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال میں عام شہری آبادی اور مسلح افواج کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے مربوط منصوبہ بندی پر خصوصی توجہ دی گئی۔  کرن خورشید نے بتایا کے کمیٹی میں محکمہ خوراک، محکمہ خزانہ، مسلح افواج، ریلوے، ٹرانسپورٹ، این ایل سی (NLC) اور پاسکو (PASCO) کے نمائندوں کی شمولیت برقرار رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔​سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا ہے کہ ان مجوزہ ترامیم کا بنیادی مقصد کسی بھی ایمرجنسی یا ہنگامی حالات کے دوران غذائی اجناس کی دستیابی، تحفظ، ترسیل، اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اجلاس کے تمام شرکاء نے غذائی اجناس کی ذخیرہ اندوزی اور تقسیم کو مزید شفاف اور موثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

​

جواب دیں

Back to top button