پنجاب میں سرکاری گندم کی ریلیز دگنی کر دی گئی،آٹا 127 روپے کلو دستیاب،ترجمان فوڈ سیفٹی

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان محکمہ فوڈ سیفٹی پنجاب کے مطابق صوبے میں سرکاری گندم کی ریلیز دگنی کر دی گئی ہے تاکہ مارکیٹ میں آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں سرکاری آٹا 127 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے، جبکہ صوبے بھر میں سرکاری گندم کی پسائی کے بعد روزانہ 10 کلو آٹے کے 7 لاکھ تھیلے مارکیٹ میں سپلائی کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں آٹا اور گندم آج بھی ملک بھر میں سب سے کم قیمت پر دستیاب ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے سرکاری گندم کی ترسیل میں اضافہ کر دیا ہے اور فلور ملز کو وافر مقدار میں آٹا فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مناسب نرخوں پر آٹے کی دستیابی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔آٹے کے معیار اور گرانفروشی کی شکایات کے ازالے کے لیے فوڈ ڈائریکٹوریٹ میں پہلے سے شکایات کا نظام قائم ہے، جس کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور آٹے کی مقررہ قیمت پر فروخت یقینی بنانا ہے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو ریلیف دینے، آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور صوبے بھر میں بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

جواب دیں

Back to top button