صنعت و تجارت کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا بنیادی انجن ہوتی ہے۔ صنعتیں چلتی ہیں تو روزگار پیدا ہوتا ہے، کاروبار پھیلتا ہے، برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے اور ملکی معیشت کو استحکام ملتا ہے۔ پنجاب میں صنعتی ترقی کو نئی سمت دینے اور مقامی صنعتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے پیوٹ (PIVOT) اقتصادی پروگرام کے تحت 19.8 ارب روپے کے دو بڑے منصوبے متعارف کرائے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کے حوالے سے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ آگاہی و مشاورتی سیشن کو کاروباری حلقوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
گوجرانوالہ ڈویژن اپنی صنعتی شناخت کے باعث ملکی معیشت میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ گوجرانوالہ کے پنکھے، برقی آلات، برتن اور گھریلو استعمال کی اشیا، وزیرآباد کی کٹلری، گجرات کا فرنیچر اور دیگر صنعتی مصنوعات نہ صرف مقامی ضروریات پوری کرتی ہیں بلکہ بیرونی منڈیوں تک بھی پہنچتی ہیں۔ تاہم ان صنعتوں کی ایک بڑی تعداد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر مشتمل ہے، جنہیں جدید مشینری، مہنگی بجلی، خام مال کی قیمتوں، ٹیکسوں، پیداواری لاگت اور مالی وسائل کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی مسابقت نے بھی مقامی صنعتکاروں کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور بہتر معیار اپنانا ناگزیر بنا دیا ہے۔اسی پس منظر میں دی اربن یونٹ، محکمہ انڈسٹری و کامرس اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے اشتراک سے 10 ارب روپے کا کامن فیسلیٹی سینٹر فنانسنگ منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے۔ تین سالہ اس منصوبے کے تحت رجسٹرڈ صنعتی اداروں، چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے ذریعے جدید مشترکہ مشینری کی خریداری کے لیے فی تجویز 30 کروڑ روپے تک بلا سود مالی معاونت فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ اس مشینری کی ملکیت متعلقہ چیمبر یا ایسوسی ایشن کے پاس رہے گی، جبکہ درخواستوں پر پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کارروائی ہوگی۔ اس سہولت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہر چھوٹے صنعتکار کو بھاری سرمایہ کاری کے بغیر جدید مشینری اور تکنیکی سہولیات تک رسائی حاصل ہو سکے۔دوسرا منصوبہ 9.8 ارب روپے کا کلسٹر انفراسٹرکچر پراجیکٹ ہے، جس کے تحت کم از کم 15 صنعتی یونٹس پر مشتمل کلسٹرز کو توانائی، پانی، ماحولیات، سڑکوں اور دیگر 18 بنیادی شعبوں میں ترقیاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ صنعتی ترقی صرف مشینری فراہم کرنے سے ممکن نہیں ہوتی بلکہ بہتر سڑکیں، پانی، توانائی اور ماحول دوست بنیادی ڈھانچہ بھی پیداواری عمل کا لازمی حصہ ہیں۔ مشترکہ صنعتی سہولیات سے کاروباری اخراجات کم اور پیداواری صلاحیت بہتر ہونے کی توقع ہے۔گوجرانوالہ چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں دی اربن یونٹ کی اسپیشلسٹ انڈسٹریل اینڈ اکنامک ڈویلپمنٹ مس مشا بابر اور سیکٹر ہیڈ انفراسٹرکچر محمد عرفان نے منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔ تاہم کاروباری نمائندوں نے بعض عملی مشکلات کی نشاندہی بھی کی۔ وزیرآباد کٹلری ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے ابتدائی طور پر 30 کروڑ روپے خود لگانے کی شرط کو چھوٹے صنعتکاروں کے لیے مشکل قرار دیا، جبکہ ویمن چیمبرز کی نمائندگان نے کاروباری خواتین کے لیے خصوصی کوٹے کا مطالبہ کیا۔ یہ تجاویز اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہیں کہ حکومتی سہولتوں کی تقسیم میں چھوٹے کاروباروں اور خواتین کی شمولیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔صدر گوجرانوالہ چیمبر شیخ محمد غلام حسین جج نے اس موقع پر زور دیا کہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات صنعتکاروں تک پہنچانے کے لیے تمام چیمبرز، صنعتی ایسوسی ایشنز اور سرکاری محکموں کے فوکل پرسنز کے درمیان مضبوط رابطہ ضروری ہے۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر محمد ارشد مغل، سابق صدور، ایگزیکٹو اراکین اور مختلف اضلاع کے چیمبرز و صنعتی تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت نے اس مشاورتی عمل کو علاقائی اہمیت دی۔
اب اصل مرحلہ ان منصوبوں کو عملی شکل دینے، درخواستوں کی منظوری، مالی معاونت کی فراہمی اور صنعتی علاقوں میں ترقیاتی کام شروع کرنے کا ہے۔ حکومت کے لیے ضروری ہے کہ چھوٹے صنعتکاروں کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے شرائط آسان بنائے، خواتین کاروباری شخصیات کو مناسب نمائندگی دے اور منصوبوں کی پیش رفت شفاف رکھے۔ اگر 19.8 ارب روپے کی یہ سرمایہ کاری درست منصوبہ بندی اور مؤثر نگرانی کے ساتھ زمین پر نظر آنے لگی تو گوجرانوالہ ڈویژن کی صنعتوں کو جدید بنانے، روزگار بڑھانے اور برآمدات میں اضافے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ کاروباری برادری کی اصل توقع بھی یہی ہے کہ یہ منصوبے محض اجلاسوں اور بریفنگز تک محدود رہنے کے بجائے فیکٹریوں، صنعتی مراکز اور چھوٹے کاروباروں کی عملی ترقی کا ذریعہ بنیں۔
