پشاور میں ٹریفک ازدحام پر قابو پانے کے لیے غیر قانونی رکشوں کے خلاف کارروائی اور قانونی رکشوں کے لیے قواعد و ضوابط مرتب کرنے کی ہدایات

صوبائی حکومت کی ہدایات پر پشاور شہر میں ٹریفک ازدحام پر قابو پانے، غیر قانونی رکشوں کے خاتمے، قانونی رکشوں کے لیے قواعد و ضوابط مرتب کرنے اور اہم شاہراہوں سمیت بی آر ٹی روٹس پر رکشوں کی آمدورفت محدود کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ان اقدامات کے لیے جامع حکمت عملی اور مکمل تیاری یقینی بنانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی گئی ہے۔اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ پشاور، ٹریفک پولیس، ٹریفک مجسٹریٹس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA)، بلدیاتی حکام، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ ایکسائز اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پشاور شہر میں چلنے والے رکشوں کی تعداد، رجسٹریشن، روٹ پرمٹس، مختلف شاہراہوں پر آمدورفت اور ٹریفک مسائل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور میں ایک لاکھ سے زائد رکشے چل رہے ہیں، جبکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے تقریباً 25 ہزار رکشوں کو روٹ پرمٹس جاری کیے گئے ہیں، جس کے باعث غیر قانونی رکشوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اجلاس میں ابتدائی غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لیے رکشوں کی قانونی حیثیت کی جانچ، غیر قانونی رکشوں کے خاتمے، قانونی رکشوں کے لیے قواعد و ضوابط کی تشکیل، مختلف شاہراہوں پر رکشوں کے روٹس مختص کرنے اور آمدورفت کے اوقات مقرر کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر تمام تجاویز، انتظامی تیاریوں اور مجوزہ اقدامات کو حتمی شکل دی جائے، تاکہ غیر قانونی رکشوں کے خلاف مؤثر کارروائی اور شہر کی اہم شاہراہوں، بالخصوص بی آر ٹی روٹس پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات شروع کیے جا سکیں۔کمشنر پشاور نے واضح کیا کہ ٹریفک ازدحام پر قابو پانے کے لیے مربوط حکمت عملی، اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور قانون پر یکساں عملدرآمد ناگزیر ہے، جبکہ شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور پشاور شہر میں سفری نظام کو بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔اس سلسلے میں کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے آئندہ منگل کو دوبارہ اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں ایک ہفتے کے دوران مکمل کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا اور غیر قانونی رکشوں کے خاتمے، قانونی رکشوں کے روٹس و اوقات کار کے تعین، اہم شاہراہوں اور بی آر ٹی روٹس پر پابندیوں سمیت دیگر اقدامات کے حوالے سے حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔ فیصلوں پر فوری عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button