پشاور میں بائیک رائیڈرز کی رجسٹریشن، قواعد و ضوابط اور مخصوص روٹس مقرر کرنے کا فیصلہ

صوبائی حکومت کی ہدایات پر پشاور میں موٹر سائیکل بائیک رائیڈرز کو قانونی دائرے میں لانے، ان کی رجسٹریشن، قواعد و ضوابط مرتب کرنے، مخصوص روٹس اور اوقات کار مقرر کرنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹریفک پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اور محکمہ ایکسائز کو ہدایات جاری کی گئیں کہ ایک ہفتے کے اندر بائیک رائیڈرز کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ابتدائی لائحہ عمل اور جامع تجاویز مرتب کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔کمشنر پشاور ڈویژن نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد بائیک رائیڈرز کے روزگار کو تحفظ فراہم کرنا، ان کی حفاظت یقینی بنانا، انہیں قانونی دائرے میں لانا اور بائیک رائیڈنگ کے شعبے کو منظم کرنا ہے۔ بائیک رائیڈرز کے لیے باقاعدہ ضابطہ اخلاق، رجسٹریشن، مخصوص روٹس اور اوقات کار مقرر کیے جائیں گے تاکہ ان کے کام میں سہولت پیدا ہو اور شہریوں کو بھی محفوظ سفری سہولیات میسر آسکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بائیک رائیڈر کو بے روزگار کرنا مقصود نہیں، بلکہ انہیں قانونی حیثیت دے کر سہولیات فراہم کرنا اور ان کے روزگار کو تحفظ دینا اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ پشاور کو بائیک رائیڈرز کے لیے ایک باقاعدہ ایپ تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی، جس کے ذریعے مسافروں کو بائیک آسانی سے بک کرنے، کرایہ طے کرنے اور رائیڈرز کی معلومات تک رسائی حاصل ہوگی۔ مجوزہ ایپ کے ذریعے بائیک رائیڈرز کی نگرانی اور ریکارڈ مرتب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔کمشنر پشاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ بائیک رائیڈرز کو قانونی اور محفوظ نظام کا حصہ بنانے سے نہ صرف ان کے حقوق اور روزگار کا تحفظ ہوگا بلکہ بائیک رائیڈنگ کی آڑ میں جرائم کی روک تھام، شہریوں کی حفاظت اور پشاور میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔بائیک رائیڈرز کو قانونی تحفظ، روزگار میں سہولت اور شہریوں کو محفوظ سفر کی فراہمی اس اقدام کے بنیادی مقاصد ہیں۔

جواب دیں

Back to top button