پنجاب میں پروبیشن، پیرول اور پریزن نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، مجرمان کی اصلاح و بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے وژن کے تحت پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس اور پریزن کے 20 افسران نے امریکہ میں خصوصی تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا۔ تربیت مکمل کرنے والے افسران نے محکمہ داخلہ پنجاب میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ سیکرٹری داخلہ نے افسران کو تربیتی پروگرام کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔ "ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام” امریکی ریاست ورجینیا میں ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کے اشتراک سے منعقد کیا گیا جبکہ پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز کے تعاون سے مکمل ہوا۔ امریکی تربیتی پروگرام 24 اکتوبر سے 8 نومبر 2026 تک جاری رہا۔ تربیتی پروگرام کے دوران ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کی قیادت نے پنجاب کے اصلاحات پر مبنی اور ترقی پسند ماڈل کو سراہا۔ تربیتی پروگرام میں "بحالی، اصلاح اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت” کے بنیادی فلسفے کو اجاگر کرتے ہوئے شواہد پر مبنی پروبیشن اینڈ پیرول نگرانی کے جدید طریقہ کار بارے آگاہی فراہم کی گئی۔ دوران تربیت الیکٹرانک مانیٹرنگ، جی پی ایس نگرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی اوفنڈر مینجمنٹ نظام کا جائزہ لیا گیا۔ ہائی رسک مجرمان اور گینگز سے وابستہ افراد کی نگرانی کے طریقہ کار پر خصوصی تربیت دی گئی جبکہ انسانی رویوں کی جانچ اور موٹیویشنل طریقہ گفتگو کے مؤثر استعمال بارے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔ تربیتی پروگرام کے دوران پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے ہر افسر نے پنجاب میں قابلِ عمل اصلاحات کے حوالے سے انفرادی ایکشن پلان بھی پیش کیا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام پنجاب میں ہائی رسک مجرمان کے مؤثر انتظام اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ہدایت کی کہ تربیت مکمل کرنے والے ماسٹر ٹرینرز فوری طور پر تربیتی پریزنٹیشنز اور ماڈیولز تیار کریں اور تربیتی مواد دیگر افسران تک منتقل کرکے ان کی بھی تربیت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی تربیت یافتہ افسران کو دیگر اضلاع میں سپروائزری ذمہ داریاں بھی سونپی جائیں تاکہ ان کے حاصل کردہ علم اور تجربے سے زیادہ سے زیادہ افسران استفادہ کر سکیں۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ تربیتی دورے سے پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول کے اوفنڈر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پروبیشن اینڈ پیرول پر رہا ہونے والے افراد کی مؤثر نگرانی کیلئے موبائل ایپ بھی جلد تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، آئی جی پریزن میاں سالک جلال، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول ڈاکٹر احمد خاور شہزاد، چیف سائیکالوجسٹ پریزن سعدیہ ظفر اور متعلقہ افسران موجود تھے۔






