وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے جائزہ اجلاس کے دوران بتایا گیا ہے کہ 49 شہروں میں سرفیس ڈرینز پر کام کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ 2 شہروں میں کنٹریکٹرز نے تعمیر بھی شروع کر دی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود اور ایڈیشنل سیکرٹری مہرین فہیم عباسی نے بھی شرکت کی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی میں شامل شہروں میں مجموعی طور پر 519 کلومیٹر لمبی سرفیس ڈرینز بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں 45 ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ مزید 68 نئے اور 17 پرانے ڈسپوزل سٹیشنز کی بحالی بھی جلد شروع ہوگی۔ وزیر بلدیات نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اب تک 32 شہروں میں 115 کلومیٹر طویل سیور لائن بچھائی جاچکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگلے مون سون سے پہلے مکمل شدہ سٹرکچر کو باہم منسلک کر دیا جائے تاکہ ممکنہ اربن فلڈنگ کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پروگرام کے تحت پانچ شہروں میں ساڑھے تین کلومیٹر گلیاں بھی پختہ کر دی گئی ہیں۔ ان شہروں میں مجموعی طور پر 5529 کلومیٹر سڑکیں اور گلیاں بنائی جا رہی ہیں۔






