ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید صفائی انتظامات کا جائزہ لینے خود ننکانہ صاحب پہنچ گئے

بابا گرونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں سکھ یاتریوں کی آمد کے پیشِ نظر ستھرا پنجاب کی جانب سے ننکانہ صاحب میں خصوصی صفائی انتظامات جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور جاری صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صدر سکھ ان پاکستان سیوا سوسائٹی سردار سرجیت سنگھ کنول بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ننکانہ صاحب احسن ممتاز نے ڈی جی عمر جاوید کو صفائی آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور سکھ یاتریوں کی آمد کے پیشِ نظر کیے جانے والے انتظامات سے آگاہ کیا۔ ڈی جی ستھرا پنجاب نے گوردوارہ جنم استھان اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران اور آپریشن ٹیموں کو صفائی کا معیار برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ جنم دن تقریبات کے دوران صفائی انتظامات کے لیے 200 ورکرز، 15 لوڈر رکشے، 2 واشرز اور 50 نئے ویسٹ ڈرمز تعینات کیے گئے ہیں۔ گوردوارے کے اندر مکمل واشنگ کے ساتھ تینوں شفٹوں میں صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں احمد شاہ روڈ، منگتا والا روڈ، مانا والا روڈ اور شاہین چوک سمیت اہم شاہراہوں کی واشنگ کے لیے بھی صفائی عملہ تعینات رہے گا۔ ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے کہا کہ بابا گرونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنااولین ترجیح ہے۔

جواب دیں

Back to top button