وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت صوبے بھر میں صفائی کی بہترین سہولیات فراہمی کے لیےعملدرآمد جاری ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید فیلڈ میں متحرک ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے ضلع ننکانہ صاحب کا سرپرائز دورہ کیا اور تحصیل شاہکوٹ، سانگلہ ہل اور ننکانہ صاحب میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا
۔ دورے کے دوران ستھرا پنجاب ایجنسی ننکانہ کے ایم ڈی احسن ممتاز نے ڈی جی کو ضلع میں صفائی کی مجموعی صورتحال اور آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی جی عمر جاوید نے گاؤں پنڈوریاں کا بھی دورہ کیا، جہاں صفائی کی ناقص صورتحال اور فرائض میں غفلت برتنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے فیلڈ مانیٹرنگ آفیسر کو فوری طور پر معطل کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تحصیل مانیٹرنگ آفیسر کو علاقے میں صفائی کے انتظامات کو ہر صورت بہتر اور یقینی بنانے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم جاری کر دیا۔دورے کے دوران ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی نے علاقہ مکینوں سے براہِ راست ملاقات بھی کی اور ان سے صفائی کی صورتحال اور مقامی مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے موقع پر موجود ڈسٹرکٹ افسران کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے پابند کیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر دیہی علاقوں کے دورے کریں اور صفائی کے انتظامات کی مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ڈی جی عمر جاوید کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کا یکساں، مربوط اور مؤثر نظام قائم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رہے گا اور فرائض میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔






