۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے رائیونڈ سالانہ تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کے دوران 12 سے 15 نومبر تک جامع اور مؤثر صفائی انتظامات یقینی بنائے گئے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کی ہدایات پر چار روزہ اجتماع کے دوران صفائی آپریشن مسلسل جاری رہا، جس کے لیے 180 ورکرز، 44 گاڑیاں اور 6 واٹر باؤزرز تعینات کیے گئے تاکہ اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کو صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پر زائرین کی آمد کے پیشِ نظر صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے اور 30 ورکرز کو ریلوے اسٹیشن پر تعینات کیا گیا۔ اجتماع گاہ کے اطراف 10 سے زائد اضافی ویسٹ کنٹینرز بھی نصب کیے گئے تاکہ کوڑا کرکٹ کی بروقت کلیکشن اور مناسب تلفی یقینی بنائی جا سکے۔ رائیونڈ حویلی اور مرکزی پنڈال کے گرد مینوئل سویپنگ اور ویسٹ پکنگ کے لیے ورکرز تینوں شفٹوں میں فرائض سرانجام دیتے رہے۔ پنڈال کی جانب جانے والے راستوں پر مکینیکل سویپنگ اور واشنگ کا عمل بھی مسلسل جاری رکھا گیاجبکہ دھول اور مٹی سے پاک ماحول کی فراہمی کے لیے پنڈال کے اطراف وقفے وقفے سے واٹر سپرنکلنگ بھی کی جاتی رہی۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کو صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع صفائی انتظامات کیے گئے۔ ایل ڈبلیو ایم سی افسران اور ورکرز دوسرے مرحلے کے دوران تینوں شفٹوں میں صفائی آپریشن پر مامور رہے اور 15 نومبر کو اختتامی دعا تک صفائی آپریشن جاری رکھا گیا۔ کمپنی کے افسران خود بھی موقع پر موجود رہ کر صفائی انتظامات کی نگرانی کرتے رہے تاکہ صفائی کے بہترین معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ ہر موقع اور تہوار پر شہریوں اور زائرین کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ایل ڈبلیو ایم سی کی اولین ترجیح ہے۔






