دنیا بھر میں ہر سال 20 نومبر کو بچوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1954ء میں بچوں کے حقوق، فلاح و بہبود اور بہتر مستقبل کے لیے عالمی سطح پر اس دن کو منانے کی تجویز دی تھی۔ 20 نومبر 1959ء کو بچوں کے حقوق کا اعلامیہ اور 20 نومبر 1989ء کو بچوں کے حقوق کا عالمی کنونشن منظور کیا گیا۔
اس دن کا بنیادی مقصد بچوں کو تعلیم، صحت، تحفظ، مساوی مواقع اور بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے معاشروں اور حکومتوں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانا ہے۔ اسی تناظر میں دی ایجوکیٹرز سادھوکے کیمپس کے چھوٹی جماعتوں کے تقریباً 50 بچوں نے پرنسپل میڈم اسما کاشف کی قیادت اور کلاس ٹیچرز کی رہنمائی میں کامونکے کے عبدالوکیل خاں فیملی پارک المعروف لیڈی پارک کامونکے کا مطالعاتی دورہ کیا۔ بچوں نے اس سرگرمی میں بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر سینئر صحافی محمد اقبال مغل نے بچوں کو پارک کی تاریخ اور شہری زندگی میں اس کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کامونکے میں واقع عبدالوکیل خاں فیملی پارک محض تفریحی مقام نہیں بلکہ خواتین، بچوں اور خاندانوں کے لیے ایک اہم عوامی سہولت ہے۔ مقامی روایات اور دستیاب معلومات کے مطابق اس پارک کی بنیاد تقریباً دو دہائیاں قبل 2000ء کے ابتدائی برسوں میں رکھی گئی۔ ابتدا میں اسے خواتین کے لیے مخصوص تفریحی مقام کے طور پر متعارف کرایا گیا، جہاں خواتین اور اہلِ علاقہ چہل قدمی اور تفریح کے مواقع حاصل کر سکتے تھے۔ ابتدائی سہولیات میں سرسبز گھاس، ٹف ٹائلز کی گزرگاہیں، بچوں کے جھولے اور فوارہ شامل تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ عدم توجہی اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث پارک کی رونق ماند پڑ گئی۔

تاہم 2025ء اور 2026ء کے دوران پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کے ترقیاتی اقدامات کے تحت اس کی بحالی اور جدید تزئین و آرائش کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ تقریباً آٹھ ماہ کی تعمیر و بحالی کے بعد جولائی اور اگست 2026ء میں منصوبہ مکمل ہوا۔ اب پارک میں موسیقی کی دھنوں پر حرکت کرنے والا جدید فوارہ بھی نصب ہے۔ جسے مہمان بچوں کو چلا کر دکھایا گیا اور بچے بہت خوش ہوئے۔
یہاں پانی پر قائم تیرتا ہوا ریسٹورنٹ، بچوں کے لیے کھیل کا خصوصی حصہ، جاگنگ و واکنگ ٹریک، خوبصورت گیزبوز، بیٹھنے کے مقامات، معیاری بیت الخلا، فوڈ اسٹریٹ اور دس ماڈل دکانیں شامل ہیں۔ ان سہولیات کا مقصد شہریوں کو بہتر تفریحی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ پارک کی مستقل دیکھ بھال کے لیے آمدنی کا ذریعہ پیدا کرنا بھی ہے۔مطالعاتی دورے کے دوران بچوں نے پارک میں خوب بھاگ دوڑ کی، سلائیڈز اور جھولوں سے لطف اندوز ہوئے اور مختلف غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ وہ اپنے ساتھ کھانے پینے کی اشیا بھی لائے تھے، جنہیں کھیل کود کے دوران شوق سے کھایا۔ اساتذہ نے انہیں عملی طور پر شہری ذمہ داریوں کا درس دیتے ہوئے سمجھایا کہ پارک میں گھاس نہیں اکھیڑنی، پھول نہیں توڑنے، پودے خراب نہیں کرنے، گندگی نہیں پھیلانی، کھانے پینے کی اشیا کے بیرونی غلاف اور پیکنگ کے لفافے کچرے کے ڈبوں میں ڈالنے چاہئیں۔ اس طرح تفریح کے ساتھ بچوں کی اخلاقی اور سماجی تربیت کا اہتمام بھی ہوا۔اس موقع پر ڈائریکٹر محمد اسلام مغل نے ڈپٹی ڈائریکٹر زین السلام مغل کے ہمراہ بچوں میں گھل مل کر انہیں عالمی یومِ اطفال کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ سکول نہ جانے والے بچوں کے مستند اعدادوشمار ہنگامی بنیادوں پر مرتب کرے اور انہیں تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کے لیے مؤثر انتظامات کرے تاکہ کوئی بچہ غربت، محرومی یا وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جو بچوں کے مستقبل کو تابناک بنا سکتا ہے۔بلاشبہ دی ایجوکیٹرز سادھوکے کیمپس کا یہ مطالعاتی دورہ بچوں کے عالمی دن کو بامقصد انداز میں منانے کی ایک اچھی مثال ہے۔ ایسے تعلیمی دورے کتابی علم کو عملی تجربے میں بدلنے کے ساتھ بچوں میں ماحول دوستی، شہری شعور، نظم و ضبط اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس بھی پیدا کرتے ہیں۔ بچوں کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ پارک اور دیگر عوامی مقامات صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ امانت ہیں، جن کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔






