*یو ایم ٹی کی طرف سے خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں اور شہداء کے بچوں کیلئے پانچ کروڑ روپے کے تعلیمی اسکالرشپس کا اعلان،*

یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے خیبر پختونخوا پولیس کے حاضر سروس افسران و اہلکاروں اور پولیس شہداء کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے پانچ کروڑ روپے کے اسکالرشپس مختص کر دیے ہیں، جن کے تحت اہل امیدواروں کو ٹیوشن فیس میں 90 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی، یو ایم ٹی اپنے ڈیجیٹیل لرننگ پلیٹ فارم لائیو ایکس کے ذریعے خیبر پختونخوا پولیس کے ایک ہزار حاضر سروس افسران اور شہداءکے بچوں کو مفت ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ بھی فراہم کرے گی، تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کر سکیں۔صدر یونیورسٹی ابراہیم حسن مراد کی خصوصی دلچسپی اور سرپرستی میں منظور کیا گیا یہ خصوصی تعلیمی پروگرام پولیس فورس کی فلاح و بہبود اور شہداء کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔اس سلسلے میں سینٹرل پولیس آفس پشاور میں خیبر پختونخوا پولیس اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر شیر اکبر خان جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے ڈائریکٹر سید بلال اور سینئر ایڈوائزر پروفیسر سجاد قمر نے معاہدے پر دستخط کیے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت یونیورسٹی پولیس اہلکاروں اور شہداء کے بچوں کو پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں اسکالرشپس فراہم کرے گی۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر پانچ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسکالرشپس کے تحت اہل امیدواروں کو ٹیوشن فیس میں 90 فیصد رعایت ملے گی۔مفاہمتی یادداشت کا ایک اہم حصہ جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی مفت تربیت ہے۔ یونیورسٹی اپنے ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم لائیو ایکس کے ذریعے ایک ہزار حاضر سروس پولیس افسران و اہلکاروں اور شہداء کے بچوں کو تربیت فراہم کرے گی، تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر پیشہ ورانہ اور عملی زندگی میں ترقی کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق اسکالرشپس اور تربیتی پروگراموں کے لیے امیدواروں کا انتخاب شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے یونیورسٹی اور خیبر پختونخوا پولیس مشترکہ طور پر اہلیت کا معیار اور انتخابی طریقہ کار وضع کریں گے۔ پولیس اہل امیدواروں کی نامزدگی اور ضروری دستاویزات کی فراہمی میں معاونت کرے گی، جبکہ یونیورسٹی تعلیمی رہنمائی، درخواستوں کی جانچ پڑتال اور منتخب امیدواروں کی تعلیمی کارکردگی کی نگرانی کی ذمہ دار ہوگی۔آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اس پیش رفت کو پولیس فورس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے اور پولیس شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور جدید مہارتوں کا حصول پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کے ساتھ ان کے لیے ترقی کے نئے راستے بھی کھولتا ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس اپنے افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ترقی اور شہداء کے خاندانوں کی معاونت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔

جواب دیں

Back to top button