حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے پارکس اور گرین بیلٹس کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبے کی تمام 41 ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے لیے یکساں ڈیجیٹل نظام متعارف کروایا جائے گا، جس کے ذریعے پارکس اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، عملے کی حاضری اور عوامی شکایات کے اندراج و ازالے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔اس حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب دانش افضال کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے راجہ منصور نے صوبے میں
ہارٹیکلچر ایجنسیوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 21 اضلاع کے پارکس اور گرین بیلٹس کا ڈیٹا مرتب کر لیا گیا ہے، جس کے تحت 1580 پارکس کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 617 گرین بیلٹس کا ریکارڈ بھی مرتب کیا گیا ہے، جن کی مجموعی لمبائی 1208 کلومیٹر ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے عملے کی حاضری اور عوامی شکایات کا اندراج بھی ڈیجیٹل بنیادوں پر کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران نئی اور موجودہ ہارٹیکلچر ایجنسیوں میں عملے اور مشینری کی فراہمی کے مجوزہ پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ دانش افضال نے نو تشکیل شدہ ہارٹیکلچر ایجنسیوں کو جلد از جلد مکمل فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہمات میں تیزی لائی جائے اور موجودہ گرین بیلٹس کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے پارکس اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، عملے کی نگرانی اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ہارٹیکلچر ایجنسیوں کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو بہتر تفریحی و سرسبز مقامات فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق سرسبز و شاداب پنجاب کے فروغ کے لیے صوبے بھر میں ہارٹیکلچر ایجنسیوں کو فعال بنایا جا رہا ہے، جبکہ یکساں ڈیجیٹل نظام کے ذریعے پارکس اور گرین بیلٹس کی نگرانی اور انتظامی امور کو مزید منظم بنایا جائے گا۔




