ڈویلپمنٹ اتھارٹیز ماسٹر پلانز پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں،پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ سلطان طارق باجوہ

پارلیمانی سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ بیرسٹر سلطان طارق باجوہ کی زیرِ صدارت صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، راولپنڈی، جہلم اور دیگر اضلاع میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف انجینئر محکمہ پبلک ہیلتھ انوار فرخ نے صوبہ بھر میں جاری دیہی واٹر سپلائی اسکیموں کی کارکردگی اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، واسا، پی ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ بیرسٹر سلطان طارق باجوہ نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں واسا کے فیلڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی متعلقہ اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے آئندہ سال مون سون سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریوں میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی۔بیرسٹر سلطان طارق باجوہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے بے مثال پروگرام متعارف کروائے گئے ہیں، جن سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کا مقصد عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا گرین پنجاب ویژن درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے تحت شجرکاری مہمات کو مزید تیز کیا جائے تاکہ صوبہ بھر میں سرسبز ماحول کے فروغ اور شہری خوبصورتی میں بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ ماسٹر پلانز پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور عوامی سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی۔

جواب دیں

Back to top button