پی ایچ اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا مشن، تمام مانیٹرنگ ڈیجیٹل اور خودکار نظام کے تحت کی جائے،سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل

سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے دفتر کا دورہ کیا،سیکرٹری ہاؤسنگ نے محکمہ جاتی امور، ادارہ جاتی توسیع اور جاری اصلاحاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے مرزا ولید بیگ نے ادارے کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کے اہداف پر جامع بریفنگ دی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور تمام مانیٹرنگ ڈیجیٹل اور خودکار نظام کے تحت کی جائے۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے مؤثر نگرانی کے لیے جامع ڈیش بورڈ تشکیل دینے، فیلڈ میں عملہ اور سٹاف کی کارروائیوں کو جیو ٹیگنگ کے ذریعے مانیٹر کرنے اور تمام درختوں کی جیو ٹیگنگ یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے نئی بننے والی ہارٹیکلچر ایجنسیوں سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ نئے پارکس اور گرین بیلٹس کے قیام کے لیے مناسب جگہوں کا تعین کیا جائے گا، جبکہ موجودہ پارکس کی اپ گریڈیشن اور بحالی کا عمل بھی تیز کیا جائے گا۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پر ضلعی سطح پر گرین ایریاز میں اضافہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ نو تشکیل شدہ پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ شفافیت، مؤثریت اور بہتر سروس ڈیلیوری ممکن ہو سکے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے محکمہ ہاؤسنگ پنجاب پوری طرح کوشاں ہے۔

جواب دیں

Back to top button