*واسا اور ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے ایم ڈیز اور ڈی جیز کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی کا فیصلہ*

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سرسبز اور صاف پنجاب کے وژن کے تحت واسا اور ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے مینجنگ ڈائریکٹرز کی کارکردگی کا مؤثر انداز میں جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سالانہ اے سی آر اور پرفارمنس رپورٹس کے لیے باقاعدہ طریقہ کار وضع کر دیا گیا ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے اس سلسلے میں اہم احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تعینات واسا اور ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے مینجنگ ڈائریکٹرز کی سالانہ خفیہ رپورٹ (اے سی آر) متعلقہ کمشنرز تحریر کریں گے، جبکہ ضلعی سطح پر تعینات ایم ڈیز کی اے سی آر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے لکھی جائے گی۔

سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق مینجنگ ڈائریکٹرز کی چھٹی کی منظوری کا اختیار بھی متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو حاصل ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام افسران متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کے پابند ہوں گے۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق اس فیصلے سے افسران کی فیلڈ میں کارکردگی کو مؤثر انداز میں جانچنے میں مدد ملے گی اور ضلعی سطح پر انتظامی معاملات کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے گا۔

مزید ہدایت کی کہ ڈویژنل اور ضلعی ایجنسیوں کے درمیان رابطہ اور کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب دیں

Back to top button