وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کا ملتان کا دورہ، ناقص سیفٹی انتظامات،سیفٹی آفیسر معطل

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مختلف سائٹس کا دورہ کیا اور کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر واسا حکام اور متعلقہ افسران نے انہیں جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔دورے کے دوران ناقص سیفٹی انتظامات اور ریکارڈ کی عدم دستیابی پر سائٹ سیفٹی آفیسر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا جبکہ ورکرز کی کم تعداد پر سائٹ انجینئر ای سی ایس پی کی سرزنش بھی کی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ سائٹ سیفٹی اور ایس او پیز کے نفاذ پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ غفلت کے مرتکب افسران اور ٹھیکیدار اپنا قبلہ درست کر لیں کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور مقررہ اہداف میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام منصوبے 30 جون 2026 تک مکمل کیے جائیں گے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ ملتان میں شہری سہولیات کی بہتری کے لیے 25 ارب روپے کا جامع ترقیاتی منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں تقریباً 5 ارب روپے کی لاگت سے اہم منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔منصوبے کے تحت ملتان میں 232 کلومیٹر طویل سیوریج لائنز بچھائی جائیں گی جبکہ 17 بوسیدہ ڈسپوزل اسٹیشنز کو بحال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 64 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

جواب دیں

Back to top button