میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گلبرگ ٹاؤن میں کھیلوں کے فروغ کیلئے شاداب فٹبال گراؤنڈ کی ازسرِنو تعمیر کے بعد منصوبے کا افتتاح کردیا

کراچی( بلدیات ٹائمز)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گلبرگ ٹاؤن کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے شاداب فٹبال گراؤنڈ کی ازسرِنو تعمیر کے بعد اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر سٹی کونسل کے اراکین، دیگر منتخب نمائندے اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شاداب فٹبال گراؤنڈ کی بحالی شہر کے نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کی ایک سنجیدہ اور دیرپا کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیح ہے کہ شہر کے تمام اضلاع میں کھیلوں کے میدانوں کو بحال کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 224 ملین روپے ہے جبکہ اس کا کل رقبہ 16 ہزار 510 مربع میٹر پر مشتمل ہے، جس میں سے 10 ہزار 400 مربع میٹر فٹبال گراؤنڈ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 6 ہزار 100 مربع میٹر رقبے پر باغ اور عیدگاہ کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو تفریحی سہولیات بھی میسر آسکیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ اس فٹبال گراؤنڈ کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے جس میں پویلین، اسٹورز، سیوریج سسٹم، بیت الخلا، بچوں کے جھولے، گرین بیلٹس اور خواتین و بزرگ شہریوں کے لیے واکنگ ٹریک شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت 10 ہزار 320 مربع میٹر رقبے پر گھاس لگائی جا چکی ہے جبکہ 134 درخت، 183 جڑی بوٹیاں و پودے اور 70 گراؤنڈ کور پودے بھی لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی گراؤنڈ ماضی میں فٹبال میچز کے لیے استعمال ہوتا رہا مگر یہاں باقاعدہ نظام موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس جگہ کو قبضوں سے محفوظ رکھنے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ کے اطراف آبادی موجود ہے اور اب خواتین، بزرگ اور بچے بھی یہاں واک اور تفریح کے لیے آسکیں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مسجد کے وضو خانے کے پانی کو کنویں میں منتقل کرکے اسے سبزہ اگانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری اور عوام کی خدمت کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور ہر ممکن وسائل شہر کی ترقی پر خرچ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم شہری مسائل کے حل کے لیے متحرک ہے اور ایس ایم توفیق روڈ، راشد منہاس روڈ سمیت شہر کے چار بڑے کوریڈورز پر ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ ٹریفک سگنلز کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ بھینس کالونی کا پل سو روز میں مکمل کیا گیا جبکہ عظیم پورہ فلائی اوور کی تعمیر کا ٹاسک بھی دیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کے منصوبے کی تاریخ کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ جو لوگ تنقید کرتے ہیں پہلے کہتے تھے کام نہیں ہو رہا اور اب کہتے ہیں کہ شاید کام کا معیار ٹھیک نہ ہو، تاہم بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے فوراً بعد جہانگیر روڈ کے دوسرے ٹریک پر کام شروع کیا جائے گا جبکہ جہانگیر روڈ سے یادگار فش تک سڑک کی تعمیر بھی کی جائے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ جہانگیر روڈ پر فائبر کے مین ہولز کور لگانے، پیور بلاکس بچھانے اور پوری سڑک پر سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے کا منصوبہ بھی زیر عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حب ڈیم کی نئی اور پرانی کینال کا کام مکمل ہو چکا ہے اور پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اضافی پمپ کا آرڈر بھی دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی، وفاقی اور شہری حکومتیں مل کر کام کریں تو کراچی کے مسائل بہتر انداز میں حل ہوسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں بھی کراچی کی بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور امید ہے کہ وزیراعظم سے کراچی کے لیے خصوصی پیکج حاصل کرنے میں بھی تعاون ملے گا۔

جواب دیں

Back to top button