وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت حلقہ پی پی 153 میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت حلقہ پی پی 153 میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں ہر یونین کونسل میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حلقہ پی پی 153 میں ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے ہربنس پورہ تا پھاٹک صدر کینٹ ٹرنک سیوریج منصوبے، ایک ارب 10 کروڑ روپے کی لاگت سے یوسی 148 کے آمنہ پارک میں ٹیوب ویلز، یونین کونسلز کی گلیوں کی مرمت، سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ سینکڑوں گلیوں کی مرمت مکمل ہو چکی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ حکام کو ترقیاتی منصوبے مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کرنے اور منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل اور شفاف مانیٹرنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیارِ زندگی بلند کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، عوامی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا اور ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے اور حکومت خالی اور کھوکھلے نعروں کے بجائے حقیقی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت کے مشن اور پاکستان کی ترقی کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر واسا محمد ارمغان خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ڈی اے عقیل انور، ایکسیئن واسا سلمان مرزا، ایکسیئن واسا سلطان رفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایل ڈی اے حارث بلال، سائٹ انسپکٹر عاصم اشرف، نیسپاک کے افسران، کنٹریکٹرز، کوآرڈی نیٹر سید اخلاص حسین، عبدالوہاب ملک اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

Back to top button