صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی پنجاب بھر میں بلڈنگ سیفٹی ریگولیشنز 2022 پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت

صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے صوبہ بھر میں بلڈنگ سیفٹی ریگولیشنز 2022 پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔ یہ ہدایات ریسکیو ہیڈکوارٹر لاہور میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں دی گئیں، جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے فائر سیفٹی سے متعلق بریفنگ دی جبکہ ڈائریکٹر لیگل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 2214 بلند و بالا عمارات کا سروے اور سیفٹی گریڈنگ مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ مزید 39 تحصیلوں میں تقریباً 2 ارب روپے کی لاگت سے فائر سروس کی توسیع کا منصوبہ جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ایمرجنسی سروسز کو نیکسٹ لیول تک لے جایا جا رہا ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بلڈنگ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 اب تک 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد فائر ایمرجنسیز پر ریسپانڈ کر کے 768 ارب روپے کے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کر چکا ہے، جبکہ صوبے میں جدید فائر اینڈ ریسکیو سروس، تربیت یافتہ ریسکیورز، ایمبولینسز، فائر وہیکلز، ایریل پلیٹ فارمز اور ریسکیو بوٹس کی مؤثر سہولت موجود ہے۔

جواب دیں

Back to top button