​ڈی جی فوڈ پنجاب سیف انور جپہ کا شیخوپورہ میں فلور ملز اور مارکیٹوں کا اچانک معائنہ،غیر فعال فلورملز کا کوٹہ منسوخ ​

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ پنجاب سیف انور جپہ نے شیخوپورہ میں آٹے کی فراہمی اور فلور ملز کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے نیشنل فلور ملز یونٹ ون اور یونٹ ٹو کا دورہ کیا، جہاں مقررہ کوٹہ سپلائی کے باوجود آٹے کے بیشتر تھیلے فلور ملز میں موجود پائے گئے۔ ریکارڈ کے مطابق نیشنل فلور ملز کو مختص 3 ہزار 472 آٹے کے تھیلوں میں سے بیشتر مارکیٹ میں فراہم نہیں کیے گئے تھے۔ ڈی جی فوڈ پنجاب نے آٹے کے معیار کی جانچ کے لیے نمونے بھی حاصل کیے۔​معائنے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ نیشنل فلور ملز کا یونٹ ٹو غیر فعال ہے، تاہم یونٹ ٹو کا کوٹہ بھی یونٹ ون میں استعمال ہو رہا تھا۔ ڈی جی فوڈ پنجاب نے غیر فعال فلور ملز کا جاری کوٹہ فوری منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں دن مختصر ہونے کے باعث آٹے کی سپلائی سست روی کا شکار رہی ہے- بعد ازاں ​ڈی جی فوڈ پنجاب نے سہولت بازار اور شیخوپورہ کی مرکزی مارکیٹ کا بھی دورہ کیا۔ مرکزی مارکیٹ میں آٹا دستیاب تھا، تاہم آٹے کے تھیلوں پر تاریخ درج نہیں پائی گئی۔ سیف انور جپہ نے ہدایت کی کہ آٹے کے ہر تھیلے پر تاریخ درج کرنا لازمی ہے اور خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ​ناقص کارکردگی پر انہوں نے فوڈ انسپکٹر اسد ورک کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ لاہور کو ان کی معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شیخوپورہ کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے الرٹ کر دیا گیا، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور کو شیخوپورہ کی ٹیم کے ساتھ اجلاس کر کے کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیا گیا۔​اس موقع پر ڈی جی فوڈ پنجاب سیف انور جپہ نے کہا کہ عوام کو معیاری آٹے کی بروقت فراہمی میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلور ملز کے کوٹے، آٹے کی پیداوار اور مارکیٹ میں سپلائی کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے گی، اور آٹے کی سپلائی میں تعطل یا سرکاری کوٹے کے غلط استعمال پر ملوث ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔  ​

جواب دیں

Back to top button