وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر صوبے میں غذائی قلت کے خاتمے، بچوں اور خواتین میں غذائی کمی کو پورا کرنے کے لیے تاریخی قانون سازی کی جا رہی ہے- اس سلسلے میں پنجاب فوڈ فورٹیفیکیشن بل 2026 کا مسودہ منظوری کے لیے تیار کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے ایک اہم اجلاس صوبائی وزیر فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا-
اجلاس میں سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید، ڈی جی فوڈ سیف انور جپہ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی-اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سلمیٰ بٹ نے انکشاف کیا کہ پنجاب میں 5 سال سے کم عمر کے 27.3 فیصد بچوں میں نشوونما کی کمی (Stunting) پائی جاتی ہے, تاہم خوش آئند بات یہ ہ کہ حکومت کے مؤثر اقدامات کے بعد 2017 سے 2024 کے دوران بچوں میں اسٹنٹنگ کی شرح 31.5 فیصد سے کم ہو کر 27.3 فیصد پر آ گئی ہے- اس کے علاوہ صوبے میں 15 سے 49 سال کی عمر کی خواتین میں آئرن اور زنک کی کمی تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے, جس سے نمٹنے کے لیے یہ قانون لایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فوڈ فورٹیفیکیشن بل کے تحت آٹا، گھی، تیل اور نمک کی فورٹیفیکیشن کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے- اور اس ضمن میں فوڈ اتھارٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رجسٹریشن نہ کرانے والے مینوفیکچرز کو 3 ماہ قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جائے گی -سلمی بٹ نے مزید بتایا کہ فوڈ سیفٹی افسران کے کام میں رکاوٹ یا فوڈ فورٹیفیکیشن میں ناکامی پر 6 ماہ تک قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے -اس کے ساتھ ساتھ تمام مینوفیکچررز اور درآمدکنندگان کے لیے روزانہ کی بنیاد پر انٹرنل چیک، ریپڈ ٹیسٹس اور کوالٹی ایشورنس لازمی قرار دی گئی ہے- خوراک کی تیاری میں مائیکرو نیوٹرینٹس (پریمکس) کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے سخت لیبارٹری ٹیسٹنگ اور پروڈکشن چیکس کا نفاذ ہوگا-صوبائی وزیر سلمیٰ بٹ نے مزید کہا کہ فوڈ سیفٹی افسران کے ساتھ مکمل تعاون اور درست معلومات کی فراہمی تمام متعلقہ اداروں کی قانونی ذمہ داری ہوگی تاکہ صحت مند پنجاب یقینی بنایا جا سکے۔





