سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا ہے کہ کنزیومر پروٹیکشن کونسل پنجاب نے جعل سازی،کٹوتی اور گمشدہ سامان پر شہریوں کی شکایات کا چند دنوں میں ازالہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شفاف مارکیٹ نظام کی فراہمی، شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور قانون کے مطابق کارروائیوں میں ڈی جی انفورسمنٹ اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ڈاکٹرکرن خورشید نے کہا کہ کنزیومر پروٹیکشن ایپ کے ذریعے بھی شہریوں کو سہولیات کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔انہوں نےبتایا کہ کنزیومر پروٹیکشن ایپ کے ذریعے گوجرانوالہ میں 22 کیرٹ کے بجائے 18 کیرٹ سونا بیچنے کی شکایت پر ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل (DCPC) گوجرانوالہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 15 دنوں کے اندر شہری کو مکمل رقم واپس دلوا دی جب کہ اوکاڑہ میں ایچ بی ایل بینک کی کنیکٹ فرنچائز کی6 لاکھ روپے سیکیورٹی رقم واپس نہ کرنے کی شکایت پر کنزیومر پروٹیکشن کونسل اوکاڑہ نے کارروائی کرتے ہوئے حبیب بینک سے صرف 10 دنوں میں 6 لاکھ روپے کی رقم صارف کوواپس دلوا دی۔اسی طرح کیپس کالج (Kips College) کی جانب سے طالب علم کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد سیکیورٹی فیس واپس نہ کرنے پر کنزیومر پروٹیکشن کونسل کی مداخلت سے 20 دنوں کے میں سیکیورٹی فیس واپس کروا دی گئی۔ڈاکٹر کرن خورشید نے مزید بتایاکہایم اینڈ پی (M&P) کورئیر کمپنی کی غفلت سے گمشدہ موبائل فون کی شکایت پر کنزیومر پروٹیکشن نے 14 دنوں میں گمشدہ پارسل برآمد کروا کے شہری کے حوالے کر دیا۔ کنزیومر پروٹیکشن کونسل لاہور نے صارف احمد منظور کی ‘لاہور موبائل’ کے خلاف شکایت پر 41 ہزار روپے مالیت کا نیا موبائل تبدیل کروا دیااورٹیکنو کمپنی کو شہری ردا زینب کو خراب موبائل کے عوض 65 ہزار روپے مالیت کا نیا موبائل فون دلوانے کے لیے عملدرآمد کروایا دیا-اسی طرح شہری اعظم کو ناقص ایپل ایل ای ڈی فروخت کرنے کی شکایت پر کنزیومر پروٹیکشن کونسل نے دکان دار اسد علی سے 18 ہزار روپے مالیت کی نئی ایل سی ڈی/ایل ای ڈی اعظم کو دلوائی۔ کنزیومر پروٹیکشن کونسل نے ‘ٹین فٹنس اینڈ اسپورٹس’ کے خلاف شکایت پر شہری کو مشین کی مد میں 1 لاکھ 25 ہزار روپے واپس دلوا دیے۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کو صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے مربوط اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور خلاف ورزیوں کی روک تھام اور قانون کے مطابق کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔






