*سکھ برادری کیلئے اہم تحفہ،تاریخی گوردوارہ سری کھارا صاحب بحالی کے بعد عبادت کے لیے کھول دیا گیا*

گوجرانوالہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے اہم تحفہ، تاریخی گوردوارہ سری کھارا صاحب بحالی کے بعد عبادت کے لیے کھول دیا گیا۔نوشہرہ ورکاں کے تاریخی گوردوارے کی بحالی مکمل، سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے افتتاح کیا۔سری گرو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش پرب کے موقع پر گوردوارے کی بحالی سکھ برادری کے مذہبی ورثے کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر نوشہرہ ورکاں میں واقع تاریخی گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد اسے سکھ برادری کی مذہبی عبادت کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔ سری گرو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش پرب کے موقع پر تاریخی گوردوارے کی بحالی مکمل ہونا دنیا بھر سے پاکستان آنے والی سکھ سنگت کے لیے ایک اہم تحفہ ہے ۔صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے گوردوارہ سری کھرا صاحب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں دنیا بھر سے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ حکومت پنجاب مذہبی مقامات کے تحفظ، تاریخی ورثے کی بحالی اور اقلیتی برادریوں کو ان کے مذہبی شعائر کی ادائیگی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تاریخی مذہبی ورثے کے تحفظ اور اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی توجہ کا عملی اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ گوردوارے کی بحالی کے دوران اس کی اصل طرز تعمیر، تاریخی اہمیت اور مذہبی شناخت کو برقرار رکھا گیا ہے تاکہ سکھ برادری اپنی مذہبی روایات کے مطابق یہاں عبادت کر سکے۔ پاکستان سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ اور انہیں مکمل مذہبی آزادی فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی اور اسے عبادت کے لیے دوبارہ کھولنا بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ سکھ یاتریوں کے لیے مقدس مذہبی مقامات کی بحالی اور بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے گوردوارے کی بحالی پر حکومت پنجاب کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی سکھ برادری کی مذہبی عقیدت اور تاریخی ورثے کے تحفظ کا اہم مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی اس عزم کی عکاس ہے کہ پنجاب کے تاریخی اور مذہبی مقامات کو محفوظ بنا کر انہیں متعلقہ مذہبی برادریوں کے لیے دوبارہ قابلِ رسائی بنایا جائے۔

جواب دیں

Back to top button