گرین پاکستان ایکسپو 2026ء اختتام پذیر، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ستھرا پنجاب کے تحت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) اور B2B Media کے اشتراک سے منعقدہ تین روزہ گرین پاکستان ایکسپو 2026ء آج کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ 26 سے 28 نومبر تک جاری رہنے والی اس نمائش میں ویسٹ ری سائیکلرز، ویسٹ مینجمنٹ سے متعلقہ مینوفیکچرر کمپنیز، قابلِ تجدید توانائی فراہم کرنے والے اداروں اور گرین ٹیکنالوجی کمپنیز نے بھرپور شرکت کی، جبکہ آخری روز بھی مختلف پویلینز اور اسٹالز پر شرکاء کی گہری دلچسپی دیکھنے میں آئی۔ نمائش میں 12 مختلف کیٹیگریز کے تحت 60 اسٹالز قائم کیے گئے، جہاں جدید ویسٹ مینجمنٹ مشینری، ری سائیکلنگ سلوشنز، کمپوسٹنگ، الیکٹرک و ماحول دوست گاڑیوں، قابلِ تجدید توانائی اور جدید گرین ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی۔ ایکسپو کے آخری روز ایل ڈبلیو ایم سی اور B2B Media کے اشتراک سے خصوصی ڈنر گالا کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جدید ویسٹ مینجمنٹ ٹیکنالوجی کے فروغ، ماحول دوست اقدامات اور پائیدار ویسٹ مینجمنٹ کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے مابین مؤثر اشتراکِ عمل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام روایتی ویسٹ کلیکشن سے آگے بڑھتے ہوئے ویسٹ ٹو ویلیو سلوشنز، توانائی اور بائیو گیس کی پیداوار سمیت جدید ماحولیاتی اقدامات کی جانب گامزن ہے۔ اس موقع پر سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے ایکسپو میں شریک اکیڈیمیا، ویسٹ ری سائیکلرز، مینوفیکچررز اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان کو ان کی شرکت اور خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ گرین پاکستان ایکسپو 2026ء نے سرکاری اداروں، نجی شعبے، صنعت اور اکیڈیمیا کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے، سرمایہ کاری کے مواقع اور ماحول دوست ویسٹ مینجمنٹ سلوشنز کو فروغ دیتے ہوئے صاف اور سرسبز پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانا ہے۔

جواب دیں

Back to top button