قومی اقلیتی دن پر محکمہ برائے اقلیتی امور حکومت سندھ کی جانب سے سوامی نارائن مندر میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلئ سندھ سید مراد علی شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید، رکن قومی اسمبلی مہیش کمار ملانی، وزیراعلئ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سوڈھو، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی عثمان غنی ہنگورو، رکن صوبائی اسمبلی گیانچند ایسرانی، ہری رام، رانا ہمیر سنگھ، کھٹو مل جیون، ایم پی اے و پارلیمانی سیکریٹری روما مشتاق مٹو، ایم پی اے ڈاکٹر شام سندر آڈوانی، ایم پی اے گیانچند ایسرانی، سیکریٹری محکمہ اقلیتی امور انجم اقبال جمانی سمیت مختلف اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

تقریب کے آغاز میں ڈاکٹر لالچند اکرانی نے مہمانِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، ڈاکٹر لالچند اکرانی نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو مندر کا تفصیلی دورہ کروایا اور انہیں اس تاریخی عبادت گاہ کی اہمیت اور اس سے جڑی برادری کی خدمات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتی برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے اقلیتی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ان کا حصہ کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کو آئین ساز اسمبلی میں اپنے تاریخی خطاب کے دوران واضح پیغام دیا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی شہری حقوق حاصل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ اقلیتی برادری کے ساتھ یکجہتی اور حمایت سے عبارت ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء کے آئین میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو آئینی حیثیت دی جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ اقلیتی طبقے کی آواز کو بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ قومی اقلیتی دن کی مناسبت سے اپنے خطاب میں ڈاکٹر لالچند اکرانی نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ برابر کے شہری ہیں اور آئینِ پاکستان ان کے مکمل تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام ہی ملک کی ترقی و استحکام کی بنیاد ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ اس تقریب کا مقصد پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی اقلیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا، ان کے کردار کو اجاگر کرنا اور قومی ترقی میں ان کی خدمات کا اعتراف کرنا تھا۔ سندھ امن، محبت اور یکجہتی کی دھرتی ہے، سندھ حکومت اقلیتوں کے مسائل حل کرنے میں عملی اقدامات کر رہی ہے، ہر شہری کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق دینا ہمارا آئینی فریضہ ہے، سندھ حکومت تعلیم، روزگار اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے، پیپلز پارٹی اقلیتوں کے ساتھ کھڑے رہنے کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہماری جدوجہد اقلیتوں کو ہر میدان میں آگے بڑھانے کے لیے ہے۔تقریب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی سالگرہ کا کیک ہندو، سکھ، مسیحی اور پارسی برادری کے نمائندوں کے ساتھ کاٹا گیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ اپنی سالگرہ کو جشنِ آزادی اور قومی اقلیتی دن کے ساتھ مناتے ہیں تاکہ ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کا عملی پیغام دیا جا سکے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے سکھ برادری کے رہنماؤں کے ہمراہ گردوارے کا دورہ کیا اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔






