گندم کے تصدیق شدہ بیج کی نقل و حرکت کے لئے ایس او پیز جاری کر دیئے،سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید

سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن پنجاب ڈاکٹر کرن خورشید کی زیر صدارت گندم کے تصدیق شدہ بیج کی نقل و حرکت اور ترسیل سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری فوڈ سیفٹی خالد بشیر، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس محمد شبیر خان، ڈی جی فیلڈ سیڈ سرٹیفیکیشن ڈاکٹر نسیم، ممبر فیلڈ سیڈ سرٹیفیکیشن شکیل احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں گندم کے بیج کی نقل و حرکت کے لیے نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) جاری کرنے اور صوبائی حدود سے باہر تصدیق شدہ بیج کی منتقلی کو مزید منظم اور آسان بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ گندم کے تصدیق شدہ بیج کی نقل و حرکت کے لیے واضح اور مؤثر طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ بیج کی مقدار، نقل و حرکت اور متعلقہ دستاویزات کاریکارڈ مرتب کرنا ضروری ہوگا تاکہ بیج کی ترسیل کا مکمل ریکارڈ موجود رہے اور اس کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن اتھارٹی کی جانب سے تصدیق شدہ بیج کی مقدار اور نقل و حرکت کا پلان متعلقہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز (DFCs) کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ افسران مقررہ ایس او پیز کے تحت بیج کی ترسیل اور نقل و حرکت کی نگرانی کریں گے۔

سیکرٹری فوڈ سیفٹی کے مطابق بیج کے تھیلوں پر فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن اتھارٹی کا بار کوڈ/کیو آر کوڈ اور مقررہ ٹیگ موجود ہونا لازمی ہوگا۔ صوبائی حدود عبور کرنے والی گاڑی کے پاس متعلقہ سیڈ کمپنی کا انوائس بھی ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بیج کی ترسیل کرنے والی گاڑی کی بلٹی پر وصول کنندہ ڈیلر یا کاشتکار کا نام درج ہونا ضروری ہوگا تاکہ بیج کی نقل و حرکت کو مؤثر طریقے سے ٹریس کیا جا سکے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ صوبائی حدود عبور کرنے والی گاڑیوں کی چیک پوسٹوں پر ضروری تفصیلات کا اندراج کیا جائے گا، جبکہ بیج کی ترسیل سے متعلق تمام ضروری دستاویزات اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 21 سے 30 ستمبر 2026 کے دوران پنجاب کے اندر گندم کے بیج کی ترسیل کے لیے متعدد گاڑیوں کی نقل و حرکت سے متعلق کنوائے نوٹس جاری کیے گئے، جبکہ پنجاب سے باہر گندم کے تصدیق شدہ بیج کی نقل و حرکت کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل فیلڈ سیڈ سرٹیفیکیشن اتھارٹی اور ڈائریکٹر جنرل فوڈ پنجاب کی سطح پر جاری ہے-

گندم کے بیج کی ترسیل کے لیے سیڈ سرٹیفیکیشن اتھارٹی کے متعلقہ انچارج افسر کا سائن شدہ ‘کنوائے نوٹ’ (Convey Note) ہونا ضروری ہے۔

​پنجاب میں گندم کے تصدیق شدہ بیج کی نقل و حرکت کے حوالے سے ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا کہ 21 سے 30 ستمبر 2026 تک مجموعی طور پر 66 کنوائے نوٹس جاری کیے گئے۔

​پنجاب کے اندر گندم کے بیج کی نقل و حمل کے لیے 62 گاڑیوں کو کنوائے نوٹس جاری کیے گئے جبکہ گندم کے بیج کو صوبے سے باہر منتقل کرنے کے لیے 4 گاڑیوں سے متعلق کنوائے نوٹس جاری کیے گئے۔ 

​اس عرصے کے دوران پپولا سیڈ (Peapola Seed) کی 70 میٹرک ٹن ترسیل جبکہ آر سی اے (RCA) کمپنی کا 45 میٹرک ٹن گندم کا بیج ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ​محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ملاوٹ شدہ اور غیر تصدیق شدہ بیج کی فروخت و ترسیل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا تاکہ کسانوں تک صرف بہترین اور تصدیق شدہ بیج پہنچ سکے۔ ​

جواب دیں

Back to top button