کبھی شہرِ باسمتی کامونکے کی پہچان اس کے صحت مند، چاق و چوبند اور کھیلوں کے شوقین نوجوان ہوا کرتے تھے۔ اُس زمانے میں شہر میں ہسپتالوں کی بھرمار نہیں تھی، ایم بی بی ایس ڈاکٹر بھی بمشکل دو تین تھے، مگر لوگ نسبتاً صحت مند زندگی گزارتے تھے۔ اس کی ایک بڑی وجہ کھیل کے میدانوں کی رونق، جسمانی سرگرمیاں اور سادہ طرزِ زندگی تھا۔ آج صورتِ حال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے۔ کھیل کے میدان اجڑ گئے، فاسٹ فوڈ کے مراکز اور نجی ہسپتال آباد ہو گئے۔ سوال یہ ہے کہ آخر ہم نے اپنی نئی نسل سے صحت مند زندگی کا راستہ کیوں چھین لیا؟انیس سو اسی کی دہائی کا کامونکے یاد کیجیے تو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی وسیع گراؤنڈ اور ملٹری پڑاؤ ہاکی، فٹ بال اور پہلوانی کے شوقین نوجوانوں کی سرگرمیوں کا مرکز ہوا کرتے تھے۔ شہر کے اکلوتے ہائی سکول کے طلبا کے لیے کھیل محض تفریح نہیں بلکہ تعلیم و تربیت کا لازمی حصہ تھے۔ ہر نوجوان کسی نہ کسی کھیل سے وابستہ ہوتا۔ گھروں میں ہاکیاں اور فٹ بال موجود ہوتے، گلیوں میں کھیلوں کے چرچے ہوتے اور میدانوں میں نوجوانوں کا پسینہ بہتا دکھائی دیتا۔ کرکٹ کا موجودہ جنون ابھی متعارف نہیں ہوا تھا۔اسی ماحول نے کامونکے کو اکابر سراج ڈار جیسے باصلاحیت ہاکی کھلاڑی دیے، جنہیں قومی ہاکی ٹیم میں منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہ صرف ایک کھلاڑی کی کامیابی نہیں بلکہ شہر کے کھیلوں کے ماحول اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف تھا۔ اس دور میں پاکستان بھی عالمی ہاکی کا حکمران تھا اور قومی ٹیم کی کامیابیوں پر ہر پاکستانی فخر محسوس کرتا تھا۔پھر ترقی کے نام پر کھیلوں کی زمینیں سکڑنے لگیں۔ سید خلیل الرحمن چشتی کے رکن صوبائی اسمبلی اور بعد ازاں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم بننے کے دور میں گرلز کالج کی منظوری ایک خوش آئند تعلیمی قدم تھا، مگر اس کی عمارت کے لیے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا کھیل کا میدان استعمال کر لیا گیا۔ تعلیمی ادارہ تو بن گیا، لیکن نوجوانوں سے ایک اہم کھیل کا میدان چھن گیا۔ کسی نے یہ نہ سوچا کہ تعلیمی ترقی اور کھیلوں کی سہولتیں ایک دوسرے کی مخالف نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں۔رہی سہی کسر انیس سو نوے کی دہائی کے اختتام پر ملٹری پڑاؤ کی زمین پر رہائشی آبادی بننے سے پوری ہو گئی۔ نوجوانوں کے پاس کھیلنے کے دونوں بڑے میدان نہ رہے۔ کھیلوں سے دوری نے ان کی صحت، اجتماعی سرگرمیوں اور مثبت مصروفیات کو متاثر کیا۔ یہ کہنا درست نہیں کہ میدان چھننے سے نوجوان لازماً منشیات کی طرف چلے گئے، تاہم صحت مند تفریح اور مثبت صحبت کے مواقع کم ہونے سے منفی سرگرمیوں کے لیے جگہ ضرور پیدا ہوئی۔دو ہزار کی دہائی کے آغاز میں چودھری شمشاد احمد خاں نے تحصیل ناظم کی حیثیت سے ریلوے سٹیشن کے مشرق میں پرانے جوہڑوں کی زمین پر مٹی بھروا کر محدود کھیل کا میدان بنوایا۔ بعد ازاں عبدالوکیل خاں سپورٹس سٹیڈیم اور شریف پورہ میں شمشاد خاں سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر بھی کھیلوں کے فروغ کی جانب اہم اقدامات تھے۔ تاہم شہر کے اندر وسیع، آسان رسائی والے اور روزمرہ استعمال کے قابل میدانوں کا متبادل پیدا نہ ہو سکا۔ چند سکولوں کی تقریبات یا محدود سرگرمیاں کھیلوں کی مستقل ثقافت کا نعم البدل نہیں بن سکتیں۔ادھر فاسٹ فوڈ کے بڑھتے ہوئے رجحان نے شہری طرزِ زندگی بدل دیا۔ غیر صحت مند خوراک، جسمانی مشقت سے دوری، موٹاپے، ذیابیطس اور بلڈ پریشر جیسے مسائل میں اضافے کے خدشات بڑھتے گئے۔ نجی ہسپتالوں اور علاج گاہوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ بعض فاسٹ فوڈ مراکز پر شیشہ کیفے بھی شروع ہوئے، جن کے خلاف راقم الحروف کی شکایت پر اس وقت کے ایس ایچ او سٹی عبدالعظیم کاہلوں نے کارروائی کی اور یہ سلسلہ ختم کرایا۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ کامونکے میں کھیلوں کے موجودہ میدانوں کو فعال بنایا جائے، ہر یونین کونسل میں کھیل کے لیے جگہ مختص ہو، سکولوں میں ہاکی، فٹ بال اور دیگر کھیلوں کو دوبارہ فروغ دیا جائے اور نورانی ہاکی کلب جیسے مقامی کلبوں کی سرپرستی کی جائے۔ نوجوانوں کو صرف سوشل میڈیا اور موبائل کی اسکرین تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں میدانوں میں آنے کی ترغیب دی جائے۔یاد رکھیے، کھیل کا میدان صرف جیت ہار کا مرکز نہیں ہوتا بلکہ یہ کردار سازی، نظم و ضبط، برداشت، صحت، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کی درس گاہ بھی ہے۔ ہسپتال بیماری کا علاج کرتے ہیں، مگر کھیل بیماری سے بچاؤ کا راستہ دکھاتے ہیں۔ کامونکے کو مزید ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ مزید کھیل کے میدان بھی چاہییں۔ کاش ہمارے نوجوان دوبارہ ہاکی اٹھائیں، فٹ بال کو ٹھوکر لگائیں، اکابر سراج ڈار جیسے کھلاڑی پیدا ہوں اور میدانوں میں نورانی ہاکی کلب کی آوازیں گونجیں۔ کیونکہ جس شہر کے میدان آباد ہوں، وہاں نوجوانوں کے خواب بھی زندہ رہتے ہیں۔
Read Next
1 دن ago
اسموگ کے سائے میں پنجاب کے اسکول، تعلیم اور بچوں کی صحت کا امتحان۔۔۔ حرفِ حقیقت: محمد اقبال مغل
3 دن ago
تربیلا ڈیم: قومی توانائی کے منصوبے میں حادثہ، ٹنل فائیو کی اہمیت اور حفاظتی انتظامات پر سوالات۔۔۔ حرفِ حقیقت: محمد اقبال مغل
4 دن ago
این اے 77 کا ضمنی انتخاب: حکومتی امیدوار کی کامیابی، عوام کی عدم دلچسپی یا جمہوریت پر عدم اعتماد۔۔۔؟ حرفِ حقیقت: محمد اقبال مغل
4 دن ago
*یومِ اقبال: ایک عظیم مفکر، قومی شاعر اور تصورِ پاکستان کے معمار کی یاد میں قومی دن* حرفِ حقیقت: محمد اقبال مغل
5 دن ago
سموگ کا بڑھتا ہوا خطرہ، انسانی صحت اور ماحول کے لیے خاموش زہر۔۔۔ حرفِ حقیقت: محمد اقبال مغل
Related Articles
این اے 77 محض ضمنی انتخاب نہیں، گوجرانوالہ کی سیاسی طاقت کا امتحان ہے! حرفِ حقیقت: محمد اقبال مغل
6 دن ago
کتابی علم سے عملی تخلیق تک، دی ایجوکیٹرز سادھوکے کیمپس کی منفرد تعلیمی پیش قدمی حرفِ حقیقت: محمد اقبال مغل
6 دن ago
کرتارپور راہداری کی بندش: مذہبی عقیدت، قومی سلامتی اور حکومت کے امتحان کا سوال۔۔۔ حرفِ حقیقت: محمد اقبال مغل
6 دن ago
چھ نومبر 1947ء: جموں کے لہو سے لکھی گئی تاریخ اور کشمیریوں کی اجتماعی یادداشت… حرفِ حقیقت: محمد اقبال مغل
1 ہفتہ ago

