وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پی ایم یو میں ایک اجلاس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد زمان لک نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) پر بریفنگ دی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود، ایڈیشنل سیکرٹری مہرین عباسی بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ متعلقہ اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور میونسپل آفیسرز (آئی) نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے زور دیا کہ پی ڈی پی فیز ون کی تکمیل کے بعد فیز ٹو پر کام تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔ الحمداللہ 51 شہروں میں "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت 109 واٹر ٹینک بن چکے ہیں جن میں مجموعی طور 24 ملین گیلن برساتی پانی جمع ہوسکتا ہے۔ وزیر بلدیات نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ فیز ون میں 124 کلومیٹر ڈرینز مکمل ہوچکی ہیں اور اب فیز ٹو میں 150 کلومیٹر سیور بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیز ٹو میں 51 شہروں کو نکاسی آب اور ڈی سلٹنگ کیلئے 217 جدید مشینری دیں گے۔ پی ڈی پی کے تحت مجموعی طور پر شہروں کیلئے 287 کی تعداد میں نئی مشینری مہیا کی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت 153 پبلک پارکس کی تعمیر و بحالی کا کام بھی کیا جا رہا ہے۔ فیز تھری میں 330 کلومیٹر سیور اور 326 کلومیٹر گلیاں/ سڑکیں بنائیں گے۔ علاوہ ازیں تیسرے اور چوتھے فیز میں 330، 330 کلومیٹر طویل سیور لائنز بچھائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیز ٹو میں 20، تھرڈ فیز 16، فیز فور میں 15 ڈسپوزل سٹیشن بنیں گے۔ مختلف شہروں میں 2 ہزار مین ہول کوورز بھی لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے ہدایت کی کہ سڑکوں کے درمیان مین ہول بنانے سے ہرممکن گریز کیا جائے۔ اس حوالے سے جاری ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔





