ایل ڈبلیو ایم سی کے زیراہتمام 34 سرکاری اور نجی اسکولوں کے مابین 3Rs اور ویسٹ سیگریگیشن ماڈل مقابلے کا اہتمام

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نےطلبہ کے درمیان ری سائیکلنگ اور کچرے کو کارآمد بنانے کا پراجیکٹ مقابلہ منعقد کروایا۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے زیر اہتمام منعقدہ مقابلے میں 34 سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبہ نے اپنی بہترین تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔تقریب میں وزیرِ اعلیٰ کے معاون خصوصی ذیشان ملک، ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ نیشنل کالج آف آرٹس کی پروگرام کوآرڈینیٹر ردا فاطمہ، صدارتی اعزاز یافتہ کارٹونسٹ جاوید اقبال اور ماہرِ تعلیم عائشہ اشفاق نے ججز کے فرائض سرانجام دیے۔مہمان خصوصی، ججز اور شرکاء نے طالب علموں کے بنائے گئے تمام ماڈل پراجیکٹس کو سراہا۔پانچ کیٹیگری پر مشتمل مقابلے میں بہترین کارکردگی پرانٹر نیشنل سکول لاہور نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے ایک لاکھ روپے، بیکن ہاؤس گارڈن ٹاؤن نے دوسری پوزیشن کے ساتھ 75 ہزار روپے اور بیکن ہاؤس والٹن کیمپس نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے 50 ہزار روپے کا کیش پرائز اور ٹرافی اپنے نام کی۔ مقابلے میں حصہ لینے والے باقی تمام اسکولوں کو معاون خصوصی ذیشان ملک کی جانب سے50 ہزار کیش پرائز اور سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں معاون خصوصی ذیشان ملک کا کہنا تھا کہ آج کے ہونہار طلبہ ہمارے مستقبل کا قیمتی سرمایہ ہیں،ہم نئی نسل کو سرسبز پنجاب کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے اپنے خطاب میں ایل ڈبلیو ایم سی کی صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا جبکہ سی ای او شہریار عارف خان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کے ساتھ مل کر صاف اور ماحول دوست پنجاب کی تشکیل کے لیے ہر پلیٹ فارم پر صفائی کی اہمیت اجاگر کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button