میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی میں اولمپئن اصلاح الدین روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی میں اولمپئن اصلاح الدین روڈ سے یونیورسٹی روڈ تا نیو دھوراجی تک سڑک کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کے ایم سی سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی کونسل کے اراکین، ضلعی و بلدیاتی نمائندوں اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے یونیورسٹی روڈ اور نیو دھوراجی کے درمیان آمد و رفت میں سہولت میسر آئے گی جبکہ علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ اولمپئن اصلاح الدین روڈ اور اس سے ملحقہ رابطہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جس کے تحت 5 ہزار رننگ فٹ طویل سڑک کی تعمیر و بحالی کی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ 40 فٹ چوڑی سڑک کی بہتری کے ساتھ ساتھ 8 ہزار رننگ فٹ کرب بلاک بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ سڑک کے اطراف کو بہتر بنایا جاسکے اور شہریوں کو آمد و رفت کی بہتر سہولتیں فراہم ہوں،میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے مختلف اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ذریعے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی کام جاری ہیں، کراچی کی اہم شاہراہوں سے اندرونی علاقوں کی سڑکوں کا رابطہ بہتر بنانا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، اس مقصد کے تحت مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے عوام کو رنگ، نسل، مذہب اور زبان سے بالاتر ہوکر اپنا سمجھتی ہے اور شہر کے شہریوں کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے۔ ماضی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس وسائل اور اختیارات نہ ہونے کا جواز پیش کیا جاتا تھا لیکن آج پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، میئر، ڈپٹی میئر اور منتخب نمائندے خود میدان میں موجود ہیں اور شہریوں کو بتا رہے ہیں کہ کون سے ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں اور آئندہ کیا منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اولمپئن اصلاح الدین روڈ کا شمار گلشن اقبال کے اہم علاقوں میں ہوتا ہے، ماضی میں اس سڑک اور اطراف کی صورتحال انتہائی خراب تھی جس کے باعث یہاں کے رہائشیوں، کاروباری افراد اور روزانہ آنے جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہریوں کی اس دیرینہ پریشانی کو حل کرنے کے لیے 15 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام مکمل کیے ہیں۔ سڑک کی تعمیر سے قبل علاقے میں سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل حل کیے گئے تاکہ سڑک کی تعمیر کے بعد شہریوں کو دوبارہ انہی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے بعد تقریباً دو لاکھ مربع فٹ رقبے پر سڑک کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ افتتاح کے موقع پر علاقے کے بچوں اور شہریوں کی جانب سے جس محبت اور خوشی کا اظہار کیا گیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اپنے بنیادی مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ علاقے میں اسٹریٹ لائٹس کی عدم دستیابی کی نشاندہی کی گئی جس پر ڈی جی کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ اس سڑک پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام بھی مکمل کیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ ضلع شرقی کے مختلف علاقوں میں ایسے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کے بارے میں شہری مایوس ہوچکے تھے کہ شاید ان کی سڑکیں کبھی تعمیر نہیں ہوسکیں گی۔ اسکیم 33، اسکیم 34، ملیر کینٹ اور صفورہ جانے والے شہری طویل عرصے سے خراب سڑکوں اور ٹریفک کی مشکلات کا سامنا کررہے تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی نمائندوں نے ان مسائل کو مسلسل اجاگر کیا اور شہریوں کی آواز متعلقہ فورمز تک پہنچائی، جس کے نتیجے میں اب ان علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلوان گوٹھ سے صفورہ اور حبیب یونیورسٹی تک سڑک کی تعمیر کا منصوبہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ اس منصوبے کے تحت تقریباً 9 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک تعمیر کی جارہی ہے۔ سڑک کی تعمیر سے قبل پانی، سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل پر بھی کام کیا جارہا ہے تاکہ مستقبل میں سڑک کو دوبارہ کھودنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ 15 جنوری 2027 تک اس سڑک کا بیشتر کام مکمل کرلیا جائے گا، اس منصوبے سے نہ صرف پہلوان گوٹھ اور صفورہ کے رہائشیوں بلکہ اسکیم 33 اور اطراف کے علاقوں میں سفر کرنے والے شہریوں کو بھی سہولت حاصل ہوگی۔میئر کراچی نے کہا کہ شارع فیصل سے ناتھا خان، گلستان جوہر اور حبیب یونیورسٹی کی جانب جانے والے راستوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی ایک بڑا مسئلہ رہا ہے۔ رش کے اوقات میں شہریوں کو مختلف مقامات، خصوصاً راشد منہاس روڈ، عسکری فور، ملینیم مال، جوہر مال اور پرفیوم چوک کے اطراف شدید ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جس سے ایئرپورٹ جانے اور آنے والے مسافروں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوتی تھی۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ایک متبادل اور مربوط سڑک کا تصور پیش کیا گیا تاکہ شہریوں کو مختلف مقامات پر ٹریفک جام میں پھنسنے سے بچایا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایک ارب روپے کا ترقیاتی منصوبہ کے ایم سی کونسل سے منظور کرایا گیا ہے اور اس پر کام جاری ہے۔ منصوبے کے تحت شارع فیصل کو ناتھا خان سے ملانے، ناتھا خان سے گلستان جوہر تک رابطہ بہتر بنانے اور ناتھا خان سے حبیب یونیورسٹی اور ایئرپورٹ روڈ بائی جنکشن تک سڑک کی تعمیر و بحالی کے کام شامل ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو اپنے گھروں اور مختلف منزلوں تک پہنچنے میں آسانی ہوگی اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔میئر کراچی نے کہا کہ منور چورنگی کے مسئلے کو بھی حل کیا گیا ہے اور یونیورسٹی روڈ پر میٹروپولیس انکلیو سے حسن اسکوائر کے درمیان 96 انچ قطر کی پانی کی پائپ لائن بچھانے کا کام جاری ہے، جسے آئندہ چند روز یا دو ہفتوں میں مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پائپ لائن کی تنصیب کے بعد سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کے مختلف حصوں کی بحالی بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور رواں سال کے اختتام یا آئندہ سال کے آغاز تک اس شاہراہ کے مسائل حل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ملیر کینٹ اسکوائر سے نیو ٹاؤن تک مختلف علاقوں میں جاری کاموں سے بھی شہریوں کو واضح بہتری محسوس ہوگی۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات اور وژن کے مطابق کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ہے اور ہم اسی عزم کے ساتھ کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے نتیجے میں اب دیگر سیاسی جماعتیں بھی اپنے علاقوں میں کام شروع کرنے پر توجہ دے رہی ہیں، جو ایک صحت مند مقابلہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام ہوں اور شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ تاہم جو لوگ گزشتہ ساڑھے تین سال سے وسائل اور اختیارات نہ ہونے کا مؤقف اختیار کرتے رہے، انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ اب ترقیاتی کام کس کے وسائل سے ہورہے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے بھی کراچی کے لیے ترقیاتی اسکیمیں فراہم کی گئی ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے تعاون سے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی شہر کی خدمت کو کسی سیاسی اختلاف یا ذاتی مفاد سے مشروط نہیں کیا۔ ہمارا مقصد کراچی کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی کام کرنا اور شہریوں کو پانی، سیوریج، سڑکوں، روشنی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ٹاؤنز کو بھی بااختیار بنایا جائے اور تمام منتخب نمائندے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، تاہم شہر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور ان کے لیے فراہم کیے جانے والے وسائل کے حوالے سے حقائق کو تسلیم کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ہمارا شہر ہے، اس کے عوام ہمارے اپنے ہیں اور ان کی خدمت کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

جواب دیں

Back to top button