ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کر دیا

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پولیو سے پاک پنجاب وژن کے تحت شہر بھر میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جس کے سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے خود فیلڈ میں موجود ہو کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا اور ڈی سی آفس میں ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ اور یونین کونسل میڈیکل افسران (یو سی ایم اوز) سمیت دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی اور مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس اور فیلڈ دورے کے دوران انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ انسدادِ پولیو کی یہ خصوصی مہم 2 سے 8 نومبر تک بھرپور انداز میں جاری رہے گی، جبکہ اس سے قبل ایل کیو اے ایس ٹیسٹس میں سابقہ کارکردگی بہترین رہی ہے جس پر ضلعی انتظامیہ نے تمام فرنٹ لائن ورکرز کی جفاکشی اور کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں تقریب کے دوران سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے اور ہدف کے حصول کے لیے پانچ واضح ہدایات جاری کی گئیں جن میں تمام فیلڈ ورکرز کی سو فیصد حاضری کو ہر صورت یقینی بنانا، حساس علاقوں میں پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا، کام کے معیار میں مزید بہتری لانا، غفلت یا کوتاہی برتنے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے سخت کارروائی عمل میں لانا، اور کسی بھی قسم کی شکایت یا اطلاع کی صورت میں فوری طور پر ڈی سی کنٹرول روم سے رابطہ کرنے کے احکامات شامل ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیانات میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری اولین قومی ترجیح ہے اور بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانا ہمارا مشن ہے، فرنٹ لائن ورکرز اس قومی مقصد کے اصل ہیرو ہیں جن کی محنت پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلوائیں، اور خبردار کیا کہ فیلڈ کے امور میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کا یہ اقدام صوبے کو پولیو سے پاک کرنے اور صحت مند نسل کی پروان کے عزم کو عملی جامہ پہنانے کی طرف ایک اہم اور مستحکم قدم ہے۔

جواب دیں

Back to top button