*پنجاب ریونیو اتھارٹی کی کارروائیاں تیز، ای آئی ایم ایس سے منسلک نہ ہونے والے 250 کاروباری اداروں کو نوٹسز جاری*

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صوبے میں ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے، ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی نگرانی اور الیکٹرانک انوائسنگ مانیٹرنگ سسٹم (ای آئی ایم ایس) کے مؤثر استعمال کے لیے مختلف اضلاع میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ترجمان پی آر اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ای آئی ایم ایس سے منسلک نہ ہونے والے 250 کاروباری اداروں کو نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں بے ضابطگیوں اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں پر 30 کاروباری آپریٹرز کو جرمانے عائد کیے گئے۔ اس دوران 50 سے زائد نئے کاروباری اداروں کی پی آر اے کے ساتھ رجسٹریشن بھی کی گئی۔ ترجمان کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا اور راولپنڈی میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور دیگر متعلقہ کاروباری اداروں کی ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز، فروخت کے ریکارڈ اور ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کی جانچ پڑتال کی گئی۔ کاروباری اداروں کے لیے لازم ہے کہ وہ ای آئی ایم ایس کے ذریعے فروخت کا درست ریکارڈ مرتب کریں اور متعلقہ ٹیکس قوانین کی پابندی یقینی بنائیں۔ ترجمان پی آر اے نے کہا کہ ٹیکس کی عدم ادائیگی اور ڈیجیٹل ریکارڈ میں خرد برد کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے کاروباری اداروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ای آئی ایم ایس کے مؤثر استعمال سے ممکنہ ٹیکس بے ضابطگیوں کی روک تھام، شفافیت کے فروغ اور ٹیکس نیٹ میں اضافے میں مدد مل رہی ہے۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کاروباری اداروں سے خریداری کے بعد رسید ضرور حاصل کریں اور اس کی تصدیق کے لیے پی آر اے سہولت ایپ استعمال کریں۔ غیر تصدیق شدہ رسید جاری کرنے یا ڈیجیٹل ادائیگی قبول کرنے سے انکار کی صورت میں متعلقہ کاروباری ادارے کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور کاروباری سرگرمیوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

جواب دیں

Back to top button